Wednesday, January 30, 2013

تعارف "نقوش حيات"

استاذ الاساتذہ، صدر المدرسین، شیخ الحدیث دارالعلوم دیوبند حضرت مولانا نصیر احمد خان صاحب رحمہ اللہ تعالی رحمۃ واسعۃ کاملۃ ونور اللہ مرقدہ ان خوش بخت، منتخب اور برگزیدہ شخصیات میں سے تھے جنکو اللہ تعالٰی نے طویل خدمت دین کا موقعہ نصیب فرمایا، یہی وجہ ہے کہ آج کے بڑے بڑے اساتذہ بھی انکے سامنے زانوئے تلمذ طے کرنے والوں میں سے ہیں ـ پچھلے دنوں چمنستان دیوبند میں ایک تازہ ہوا کا جھونکا آیا اور حضرت مولانا قاری شفیق الرحمن کے لائق و فائق صاحب زادے و خلف الصدق مولانا خلیل الرحمن صاحب زید مجدہ نے حضرت رحمہ اللہ کی مکمل، مفصل اور دس ابواب پہ مشتمل ایک سوانح مرتب کرکے حضرت رحمہ اللہ کی خدمت میں جماعت دیوبند کے ہر اس فرد کی طرف سے نذرانۂ عقیدت پیش کیا جس نے حضرت رحمہ اللہ کے علمی سمندر سے اپنی تشنہ لبی دور کی ہے، مؤلف زید مجدہ نے حضرت والا تبار رحمہ اللہ کی زندگی کے کئ پہلووں اور گوشوؤں کو بڑی محنت اور عرق ریزی سے چھانا پھٹکا اور بڑے سلیقے سے انکو قارئین کے سامنے پیش کیاـ مؤلف کتاب و سوانح نگار کتاب کا تعارف کراتے ہوئے لکھتے ہیں:

راقم الحروف کو حضرت شیخ الحدیث مولانا نصیر احمد خان صاحب سے بچپن ہی سے عقیدت و محبت تھی، نو یا دس سال کی عمر تھی اسی وقت سے والد محترم حضرت مولانا قاری شفیق الرحمن صاحب کے توسط سے آپکی زیارت و ملاقات کا برابر موقع ملتا رہا، اس عرصہ میں آپکو بہت قریب سے دیکھا، پرکھا اور برتا، جس سے آپکی عقیدت و محبت دل میں راسخ ہوتی چلی گئ، آپکی دلآویز اور حسین شخصیت میں پنہاں اوصاف و کمالات، آپکے خاندانی احوال، تعلیم و تربیت، زمانۂ تدریس، آپکے چند نامور اور مشہور تلامذہ کا تعارف، ارشاد و ملفوظات اور کوئ اہل علم کے تاثراتی مضامین پر مشتمل یہ سوانح درحقیقت عقیدت و محبت اور رشتۂ تلمذ کے پاکیزہ جذبات کا اظہار ہے ـ یوں بھی کہہ سکتےہیں کہ یہ سوانح اس عظیم المرتبت شخصیت کی خدمت میں ایک حقیر سا نذرانۂ عقیدت ہے جس کے احسانات سے جماعت دیوبند کا ہر فرد زیر بار ہے اور جس نے نصف صدی سے زیادہ تک اپنے علمی سمندر سے امت کے ایک بڑے طبقے کو سیراب کیا


کتاب پر ناشر کا نام نہیں لکھا گیا ہے، قیمت دو سو بچیس روپے درج کی گئ ہے 


1 تبصرہ جات:

Anonymous نے لکھا ہے کہ

آپ نے لکھا ہے "تحاریر" جو صحیح لفظ نہیں ہے اردو میں،یہ "تحریریں"لہذا بہتر ہوگا کہ آپ لکھیں "پرانی تحریریں" ایسے ہی "نئی تحریریں"
والساام

اگر ممکن ہو تو اپنا تبصرہ تحریر کریں

اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

اب تک کے مہربانان کرام