Wednesday, January 30, 2013

تعارفِ فقہی ضوابط

قارئین جانتے ہونگے کہ خطیب بغدادی رحمہ اللہ امام ابوحنیفہ کے خصوصی کرم فرماؤں میں سے ہیں، انہوں نے اپنی شہرۂ آفاق کتاب: تاریخ بغداد میں ایک باب میں بطور خاص  امام ابوحنیفہ رحمہ اللہ پر اعتراضات کئے ہیں، منجملہ ان کے ایک اعتراض یہ ہے کہ خطیب بغدادی رحمہ اللہ اپنی کتاب میں روایت لاتے ہیں کہ شام سے ایک شخص امام  صاحب کے پاس آیا، آکر اس نے کہا: میں آپ سے ایک ہزار مسئلے پوچھنے آیا ہوں، امام صاحب نے فرمایا: پوچھو..........روایت ختم
اس روایت میں بظاہر کوئ اعتراض نہیں لیکن اگر آپ اس روایت کے "بین السطور" میں غور فرمائیں تو آپکو اعتراض نظر آئے گا اس طور پر کہ خطیب بغدادی رحمہ اللہ بالواسطہ یہ فرمانا چاہ رہے ہیں کہ امام ابوحنیفہ کو ایک ہزار مسئلوں کا جواب دینے کیلئے کسی دلیل کی ضرورت نہیں، وہ ہر مسئلہ کا جواب قیاس (رائے) سے دیتے ہیں تو ان ہزار مسائل کا جواب بھی قیاس (رائے)سے دیدیں گے، کیا مشکل ہوگی ان کیلئے؟؟؟  اس روایت کے جواب میں علماء نے لکھا ہے کہ یہ کوئ اعتراض نہیں ہے، کیونکہ آدمی کو جب اصول و کلیات محفوظ اور ازبر ہوجاتےہیں تو پھر فروعات و جزئیات کا جواب دینا آسان ہوجاتاہے ـ ثانیا یہ بھی کیا ضروری ہے کہ امام صاحب ہر مسئلہ کا جواب دے ہی دیں "میں نہیں جانتا" یہ بھی تو ایک جواب ہے، امام مالک رحمہ اللہ سے بھی ایک مجلس میں چالیس مسئلے پوچھے گئے تھے، آپ نے سب کا یہی جواب دیا کہ میں نہیں جانتا

عرض کرنے کا مقصد یہ ہے کہ فروعات و جزئیات کے جواب کے دو طریقے ہیں: ایک یہ کہ ہر ہر فروعی مسئلہ اور ہر ہر جزئی کا جواب کتاب سے مراجعت کرکے یا اپنے ذہن پہ زور ڈال کے دیا جائے، ظاہر ہے یہ کافی ورق گردانی اور "ذہنی مشق" قسم کا طریقۂ کار ہے
دوسرا طریقہ یہ ہے کہ جواب دینے والے کی نظر فروعات کے بجائے فروعات جن سرچشموں سے پھوٹ رہی ہیں (اصول) ان پہ، جزئیات جن کلیات سے نکل رہی ہیں ان پہ نظر رہے، اصول و کلیات پر نظر رکھنے والے شخص کو ہر ہر فروعی مسئلہ یا ہر ہر جزئی خاص یاد رکھنےکی ضرورت نہیں ہوتی، وہ پوچھے گئے مسئلہ فرعی کا جواب اس کی "اصل" کو سامنے رکھتے ہوئے بڑی جلدی اور آسانی سے دیدیتا ہے ـ یہی اصول و کلیات جنکو سامنے رکھ کر کسی بھی مسئلہ فرعی اور جزئی کا جواب دیا جاتا ہے انکو اصطلاح فقہاء میں قواعد اور ضوابط کہا جاتاہے، عربی زبان میں اس موضوع پر کافی کچھ لکھا گیا ہے، قواعد و ضوابط اور اشباہ و نظائر پر مستقلا تصنیفات موجود ہیں مگر اردو کا دامن ابھی تک اس موضوع سے خالی چلا آرہا تھا ـ زیر نظر کتاب اسی خالی دامن میں اولین نقش و نگار کی حیثیت رکھتی ہے، مولف کتاب نے براہ راستہ عربی مصادر کا مطالعہ کرکے منتشر ہیروں کو چن چن کر قارئین، طلبہ اور اساتذہ کیلئے گراں قدر ہار ترتیب دیا ہے جس کی رعنائی و زیبائ کو بیان کرتے ہوئے حضرت مفتی سعید احمد پالن پوری دامت برکاتہم پیش لفظ میں ارقام فرماتےہیں:

"یہ کتاب طلبہ کیلئے تو مفید ہے ہی اساتذہ کیلئے بھی مفید ہے، اگر اساتذہ اسکا مطالعہ کریں تو انکی فقہ کی تعلیم میں چار چاند لگ جائیں اور ان کیلئے بکھری ہوئ جزئیات کو ایک لڑی میں پرو کر پیش کرنا آسان ہوجائے گا"

کتاب کے دو حصے آچکے ہیں جن میں کتاب الہبہ تک کے ابواب کا احاطہ کیا گیا ہے ـ 

0 تبصرہ جات:

اگر ممکن ہو تو اپنا تبصرہ تحریر کریں

اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

اب تک کے مہربانان کرام