Monday, September 12, 2011

اہم تصانیف: حضرت مولانا مفتی سعید احمد صاحب پالن پوری


1: تحفۃ الالمعی شرح سنن الترمذی: یہ حضرت مولانا مفتی سعید احمد صاحب پالن پوری مدظلہ کے دروسِ ترمذی کا مجموعہ ہے، آٹھ جلدوں میں طبع ہوچکا ہے، جو ترمذی شریف جلد ثانی مع شمائل ترمذی پر مشتمل ہے، مقدمہ: نایاب اور قیمتی معلومات پر مشتمل ہے اور شرح کا امتیاز یہ ہے کہ اس میں مدارکِ اجتہادبیان کئے گئے ہیں، نیز ترمذی شریف کی عبارت صحیح اعراب کے ساتھ دی گئی ہے اور کتاب کا ہر ہر لفظ حل کیا گیا ہے، شروع میں کتاب العلل کی شرح بھی ہے، جو ایک قیمتی سوغات ہے۔ غرض یہ شرح ہر مدرس کی ضرورت اور حدیث کے ہر طالب علم کی حاجت ہے۔
2: رحمۃ اللہ الواسعہ شرح حجۃ اللہ البالغہ:  حضرت الامام المجدد الشاہ ولی اللہ دہلوی رحمہ اللہ عالم اسلام کی ان برگزیدہ علمی شخصیتوں میں سے ہیں جن کی شہرت زمان ومکان کی قیود میں محدود نہیں ، وہ اگرچہ ہندوستان میں پیدا ہوئے مگر ان کی شخصیت تمام عالم اسلام کا سرمایہ ہے۔ ان کی کتابیں اور انکے علوم ومعارف اسلامی تاریخ کا انمول خزانہ ہیں۔ حضرت الامام کی بہت سی کتابیں مختلف موضوعات پر ہیں لیکن حکمت شرعیہ اور فلسفۂ اسلام پر ان کی کتاب ''حجۃ اللہ البالغہ'' اپنی نظیر آپ ہے۔ حجۃ اللہ البالغہ کے متعدد تراجم ہوچکے ہیں اور بعض بازار میں دستیاب بھی ہیں لیکن ان سے کتاب حل نہیں ہوتی ۔ اللہ تعالیٰ جزائے خیرعطا فرمائیں دار العلوم دیوبند کے شیخ الحدیث حضرت مولانا مفتی سعید احمد صاحب پالن پوری مدظلہ کو جنھوں نے نہایت محنت کے ساتھ اس کتاب کی شرح لکھی۔ شرح سے علماء، طلباء اورپڑھے لکھے لوگ بھی خاطر خواہ فائدہ اٹھاسکتے ہیں۔یہ شرح پانچ جلدوں میں اور تین ہزار چھ سو صفحات میں مکمل ہوئی ہے۔ ظاہری طور پر وہ تمام محاسن کتاب میں موجود ہیں جو ہونے چاہئیں ، کتابت روشن اور واضح ہے، کمپیوٹر کتابت ہے، مگر جلی خط ہونے کی وجہ سے ضعیف نگاہ والے بھی بآسانی مطالعہ کرسکتے ہیں ۔ کاغذ نہایت اعلی اور قیمتی ہے، طباعت بھی بہت عمدہ ہے، جلد مضبوط، دلکش اور خوب صورت ہے۔ اور قیمت اتنی کم ہے کہ اس ضخامت کی کتاب بازار میں اس قیمت پر دستیاب نہیں۔
           نیز حضرت مفتی صاحب نے ایک احسان امت پر یہ بھی کیا ہے کہ حجۃ اللہ البالغہ پر عربی حاشیہ تحریر فرمایا ہے۔ جو دو جلدوں میں طبع ہوگیا ہے عربی خواں حضرات حاشیہ کی مدد سے کتاب حل کرسکتے ہیں اور درس میں بھی اس کو سامنے رکھا جاسکتا ہے۔ 
3: کامل برہانِ الٰہی تبیین وتشریح حجۃ اللہ البالغہ: رحمۃ اللہ الواسعہ میں مفتی صاحب نے عنوان قائم کرکے جو حجۃ اللہ کی آسان شرح کی ہے اس کو علحدہ کرلیا ہے اور ہلکی چار جلدوں میں مذکورہ نام سے یہ نئی کتاب تیار کی ہے اس میں حجۃ اللہ البالغہ کی عربی عبارت، ترجمہ، لغات اور تشریحات شامل نہیں۔ اب یہ عام مطالعہ کی ایک بہترین کتاب بن گئی ہے جو لوگ حجۃ اللہ حل نہیں کرنا چاہتے صرف اس کے مضامین پڑھنا چاہتے ہیں ان کے لئے یہ قیمتی سوغات ہے، زبان آسان اور سلیس ہے، ہر قاری بے تکلف اس کا مطالعہ کرسکتا ہے۔
4: ہادیہ شرح کافیہ: کافیہ: علم نحو کا مشہور ومقبول متنِ متین ہے، اس کی عبارت سلیس اورآسان ہے، مگر اس آسان کتاب کو طریقۂ تدریس نے مشکل بنادیا ہے۔ حضرت مولانا مفتی سعید احمد صاحب پالن پوری مدظلہ نے اس پر ایک کام یہ کیا ہے کہ کافیہ کو مفصل ومرقم  کیا ہے
اس کے ہر مسئلہ اور ہر قاعدہ کو علحدہ کیا ہے، پھر اس کی نہایت آسان شرح لکھی ہے اورشروع میں کافیہ پڑھانے کا طریقہ بیان کیا ہے، اور قدیم طرز سے ہٹ کر کافیہ کس طرح طلبہ کےذہن نشین کی جائے اس کے لئے'' مشقی سوالات'' دئیے گئے ہیں… پھر دوسری شرح الوافیۃ عربی میں لکھی ہے اور اس پر وہی مفصل ومرقم متن ہے تاکہ طلبہ درس میں اس کو سامنے رکھ کر پڑھ سکیں۔
5: آسان نحو( دو حصے) نحو کی ابتدائی عربی کتابوں میں تدریج کا لحاظ نہیں رکھا گیا، یہ کتاب اسی ضرورت کو سامنے رکھ کر لکھی گئی ہے۔ یہ دوحصے پڑھاکر علم نحو کی کوئی بھی عربی کتاب شروع کرائی جاسکتی ہے۔ زبان آسان اور انداز بیان سلجھا ہوا ہے۔ 
6: آسان صرف ( تین حصے) آسان نحو کے انداز پر تدریج کا لحاظ کرکے یہ رسالے مرتب کئے گئے ہیں۔ پہلے حصہ میں گردانیں ہیں قواعد برائے نام ہیں اور دوسرے حصہ میں قواعد مع گردان دئیے گئے ہیں۔ اور ابواب کی صرف صغیر دی گئی ہے۔ اور تیسرے حصہ میں تعلیلات اور ہفت اقسام کی گردانیں ہیں،بہت آسان اور مفید نصاب ہے۔
7: آسان منطق: ترتیب تیسیر المنطق ۔ دارالعلوم دیوبند اور دیگر مدارس میں تیسیر المنطق کی جگہ اب یہ کتاب پڑھائی جاتی ہے۔ اس میں تیسیر المنطق ہی کو سہل کرکے مرتب کیا گیا ہے، کوئی اضافہ نہیں کیا گیا۔
8: تفسیر ہدایت القرآن: یہ مقبول عام وخاص تفسیر ہے۔ پارہ30و1ـ9 حضرت مولانا محمد کاشف الہاشمی  کے لکھے ہوئے ہیں اور 10 تا 18 مفتی صاحب نے لکھے ہیں ، آگے کام جاری ہے اس تفسیر میں ہر ہر قرآنی کلمہ کے الگ الگ معنی دئیے گئے ہیں اور حاشیہ میں حل لغات اور ضروری ترکیب بھی ہے ۔
9: الفوز الکبیر(جدید ترجمہ) قدیم ترجمہ میں سُقْم تھا، اس کو سنوارا گیا ہے، بغلی  عناوین بڑھائے گئے  ہیں اور ضروری حاشیہ لکھ کر عمدہ کاغذ پر کتاب طبع کی گئی ہے۔دار العلوم دیوبندمیں اب یہی ترجمہ پڑھایا جاتاہے۔ متوسط استعداد کے طلبہ از خود بھی اس سے استفادہ کرسکتے ہیں۔ اس کی آسان اردو شرح الخیر الکثیرمولانا مفتی محمد امین صاحب پالن پوری نے لکھی ہے، اور عربی شرح العون الکبیر ہے۔
10: العون الکبیر: یہ الفوز الکبیر کی عربی شرح ہے، پہلے قدیم تعریب کے مطابق تھی، اب جدید تعریب کے مطابق کردی گئی ہے۔
11: فیض المنعم: مقدمہ مسلم شریف کی اردو شرح ہے۔ اس میں ضروری ترکیب اورحل لغات بھی ہیں، غرض کتاب حل کرنے کے لئے ہر ضروری بات اس کتاب میں موجود ہے اور کوئی غیر ضروری بات نہیں لی گئی۔
12: تحفۃ الدرر: یہ نخبۃ الفکر کی بہترین اردو شرح ہے، کتب حدیث پڑھنے والوں خصوصاً مشکوٰة شریف پڑھنے والوں کے لئے نہایت قیمتی سوغات ہے
13: مبادیٔ الفلسفہ: اس میں فلسفہ کی تمام اصطلاحات کی عربی زبان میں مختصراورعمدہ وضاحت کی گئی ہے۔ دار العلوم دیوبند اور  دیگر مدارس عربیہ کے نصاب میں داخل ہے۔
14: معین الفلسفہ: یہ مبادیٔ الفلسفہ کی بہترین اردو شرح ہے، اور حکمت وفلسفہ کے پیچیدہ مسائل کی عمدہ وضاحت پر مشتمل  اور معلومات افزا کتاب ہے۔
قیمتیں جاننے کیلئے یہاں کلک کیجئے

6 تبصرہ جات:

Anonymous نے لکھا ہے کہ

جزاک اللہ یہ کام کی چیز لگائی آپنے
آصف

Anonymous نے لکھا ہے کہ

مفتی صاحب کو اللہ حیات رکھے۔ بڑی خدمات انجام دے رہے ہیں
سعود عالم

Unknown نے لکھا ہے کہ

ھم کو کافیہ کی اردو شرح چاہے

Unknown نے لکھا ہے کہ

هدايت القران چاهي

Anonymous نے لکھا ہے کہ

بھائی جان! کتاب "حیات سعید " pdf میں کب ملی گی۔ میں پاکستان سے ہوں

ulekyiandoli نے لکھا ہے کہ

Grand National 2022 Betting | MapyRO
Grand National 2021 화성 출장샵 has a number of markets 양주 출장마사지 to choose from at Mapyro, 군포 출장마사지 so check them out 계룡 출장마사지 here for more 양산 출장샵 info. Grand National 2021 odds

اگر ممکن ہو تو اپنا تبصرہ تحریر کریں

اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

اب تک کے مہربانان کرام