Wednesday, September 21, 2011

فتاوی رحیمیہ نئی ترتیب و تعلیق کے ساتھ منظر عام پر

  گجرات کے مایۂ نازمفتی حضرت مولانا حافظ قاری مفتی سید عبد الرحیم صاحب قادری، لاجپوری ثم راندیری قدس سرہ کا فتاوی رحیمیہ نہایت مقبول ومعتبر اور عام فہم فتاوی کا مجموعہ ہے،ہندوپاک کے چند اکابر ین کے تأثرات ملاحظہ فرمائیں:
   1: حضرت مولاناسید محمد میاں صاحب سابق شیخ الحدیث ومفتی اعظم مدرسہ امینیہ دہلی قدس سرہ فتاوی رحیمیہ کے بارے میں ارقام فرماتے ہیں: اگر احقر کی تصدیق کوئی وزن رکھتی ہے تو احقر ان تمام فتاوی کی تصدیق کرتا ہے، بعض جوابات کچھ طویل ہیں، بعض نے مضمون یا رسالہ کی صورت اختیار کرلی ہے، مگر جو کچھ لکھا گیا ہے وہ پوری تحقیق سے لکھا گیا ہے۔
 2: دار العلوم دیوبندکے صدر مفتی حضرت مولانا مفتی سید مہدی حسن صاحب قدس سرہ تحریر فرماتے ہیں: فتاوی رحیمیہ عوام ہی کے لیے نہیں بلکہ اہل علم کے لیے بھی بغیر محنت کے مفید ہے الحاصل فتاوی رحیمیہ ہر اعتبار سے قابلِ اعتبار ہے۔
 3 : حضرت مولانا مفتی نظام الدین صاحب مفتی  دار العلوم دیوبندنور اللہ مرقدہ تحریر فرماتے ہیں: حضرت موصوف کے فتاوی  بڑے مدلل اور بڑے محققانہ  ہوتے ہیں اور مسلک حق کے صحیح ترجمان ہوتے ہیں، اور خواص وعوام سب کے لیے یکساں اور بے حد نافع ہوتے ہیں۔ 
  4: حضرت مولانامحمد منظور نعمانی سابق رکن مجلس شوری دار العلوم دیوبندرحمہ اللہ ارقام فرماتے ہیں: فتاوی کا کوئی اور مجموعہ میرے علم میں نہیں جس میں ہر مسئلہ اور ہر فتوے کو اس کے حق کے مطابق مدلل کیا گیا ہو۔
  5: مفکر اسلام حضرت مولانا ابو الحسن علی صاحب ندوی رحمہ اللہ تحریر فرماتے ہیں: جن لوگوں کو اس راہ کی مشکلات کا علم اور فقہ حنفی سے کامل مناسبت ہے وہ'' فتاوی رحیمیہ'' کی علمی وعملی قدر وقیمت کا اندازہ کرسکتے ہیں، اور اس کی شہادت دے سکتے ہیں کہ مؤلف فاضل کو اللہ تعالیٰ نے ان صلاحیتوں سے بہرہ ور فرمایا ہے جو اس دور میں اس نازک فریضہ کو انجام دینے کے لئے شرط ِ اول ہے۔
6 حضرت مولانا مفتی سعید احمد صاحب پالن پوری شیخ الحدیث وصدر المدرسین دار العلوم دیوبنددامت برکاتہم تحریر فرماتے ہیں:'' فتاوی رحیمیہ'' میں عام مسلمانوں ہی کے لیے سامانِ تسلی نہیں ہے، بلکہ دریائے علم وفن کے شناوروں کے لیے بھی غیر معمولی غذا ہے، ہر فتوی علم وتحقیق کی داد طلب کرتا ہے اور قاری دعائیں دینے پر مجبور ہے، درحقیقت کامیاب مفتی وہ ہے جس کے فتوے سے لوگوں کو اطمینان نصیب ہو، کسی قسم کی تشنگی باقی نہ رہے، مجھے اس بات کے اظہار میں ذرا بھی تأمل نہیں ہے کہ فتاوی رحیمیہ کا ہر فتوی تسلی بخش اور پیاس بجھانے والا ہے۔
  7:  دارالعلوم ندوة العلماء کے استاذ تفسیر وحدیث حضرت مولانا برہان الدین صاحب سنبھلی  رحمہ اللہ تحریر فرماتے ہیں: راقم ان فتاوی کو خدا تعالیٰ کی صفت'' رحمت'' کا خاص مظہر اور عہدِ حاضر کا بہت ہی قیمتی علمی فقہی سرمایہ سمجھتا ہے، بلکہ یہ بھی خیال کرتا ہے کہ اب تک فتاوی کے نام سے جو مجموعے اردو میں سامنے آئے ہیں ان میں یہ مجموعی طور سے اہل علم کے لیے خاص طور پر سب سے زیادہ نافع ہے، اور آسودگی کا سامان رکھتا ہے، راقم کا یہ بھی احساس ہے کہ اس مجموعہ میں جو عالی مضامین اور انیق تحقیقات ودیعت ہوگئی ہیں ان کے بیان کے لیے  لفظ'' فتاوی'' ناکافی بلکہ حجاب بن گیا ہے کیونکہ تعبیر سے اصل حقیقت کا پورا اظہار نہیں ہوپاتا۔
  8 :  پاکستان کے جید عالم حضرت مولانا زوّار حسین صاحب نقشبندی مجددی تحریر فرماتے ہیں: فتاوی رحیمیہ کے مطالعہ سے بڑی تسکین اور انشراح حاصل ہوتا ہے۔ 
  9: سیالکوٹ( پاکستان) کے مشہور خطیب حضرت مولانا مفتی رشید احمد صاحب تحریر فرماتے ہیں: صرف موجودہ یا اردو ذخیرئہ فتاوی ہی نہیں بلکہ تاریخ فتاوی میں '' فتاوی رحیمیہ'' دلائل وبراہین، تفصیل واعجاز کے اعتبار سے منفرد امتیازی عظمت وشان کا حامل ہے۔
   یہ ہندوپاک کے چند اکابرین کی تقریظات کے اقتباسات ہیں، ان سے آپ بخوبی اندازہ لگاسکتے ہیں کہ علماء کرام کی نظر میں فتاوی رحیمیہ کی کتنی قدر ومنزلت ہے؟ ان اکابرین کرام کی تقریظات نیز ان کے علاوہ دیگر بزرگانِ دین کی تقریظات آپ دیکھنا چاہیں تو فتاوی رحیمیہ کی جلد اول کے آغاز میں دیکھ سکتے ہیں۔
  حاصل کلام یہ کہ فتاوی رحیمیہ علماء کرام اور مفتیانِ عظام کی نظر میں نہایت معتبر ومستند اور عوام کی نگاہ میں بہت مقبول اور عام فہم فتاوی کا مجموعہ ہے، لیکن فتاوی کا یہ مجموعہ حضرت مفتی صاحب قدس سرہ کی حیات میں دس جلدوں میں قسط وار شائع ہوا تھا اس لیے ایک ہی باب کے مسائل مختلف جلدوں میں بکھرے ہوئے تھے، جس کی بنا پر ناظرین کو مطلوبہ مسئلہ تلاش کرنے میں دشواری پیش آتی تھی، اور ناظرینِ کرام کا اصرار تھا کہ اس کو ازسر نو مرتب کیا جائے۔
  اللہ تعالیٰ نے حضرت الاستاذ مولانا مفتی سعید احمد صاحب پالن پوری شیخ الحدیث وصدر المدرسین دار العلوم دیوبند دامت برکاتہم کے دل میں  اس کو از سر نو مرتب کرنے کا داعیہ پیدا فرمایا، چنانچہ حضرت الاستاذ نے فتاوی کے اس مجموعہ کو نئی ترتیب سے مزین فرمایا، مگر حضرت الاستاذ اپنی گوناگوں مصروفیتوں کی وجہ سے اتنے بڑے مجموعہ کی کتابت کی تصحیح کا فریضہ انجام نہیں دے سکتے تھے، اس لئے حضرت الاستاذ زید مجدہم نے یہ کام احقر کے سپرد کیا، احقر نے محض اللہ کے فضل وکرم سے تین سال کے عرصہ میں کتابت کی تصحیح کا کام مکمل کیا۔ احقر نے صرف رسمی تصحیح پر اکتفا نہیں کی، بلکہ تصحیح کے دوران احقر کو جہاں اشکال ہوا اصل مراجع کی طرف رجوع کرکے عربی عبارتوں کو درست کیا، اور علامات ترقیم سے کتا ب کو مزین کیا ہے۔ 
اس ترتیب جدید میں برادر محترم حضرت مولانا مفتی سعید احمد صاحب پالن پوری دامت فیوضہم اورا حقر نے جو کام کیا ہے اس کی تفصیل درج ذیل ہے:
(1)            ایک ہی باب کے مسائل جو مختلف جلدوں میں منتشر تھے ان کو یکجا کیا گیا ہے۔
(2)بعض جگہ عناوین مختصر یا مبہم تھے، ہم نے ان عناوین کو واضح کیا ہے تاکہ ناظرینِ کرام عنوان پڑھ کر مسئلہ کی حقیقت جان لیں۔         
(3)            ایک ہی طرح کے مسائل پہلے چونکہ مختلف جلدوں میں تھے؛ اس لیے ان پر ملتے جلتے عناوین لگائے گئے تھے، اس ترتیب جدید میں ایک عنوان باقی رکھا گیا ہے، باقی کو حذف کردیا گیا ہے اور ایک ہی طرح کے مسائل ایک ہی عنوان کے تحت رکھے گئے ہیں۔
(4)            بعض مسائل بلاعنوان تھے ان کو کسی عنوان کے تحت رکھا گیا ہے یا ان پر عناوین لگائے گئے ہیں۔
(5)            فتاوی رحیمیہ کے جس جواب پر اشکال ہے اس کو اس ترتیب ِ جدید میں پہلے رکھا گیا ہے، اس کے بعد اس سوال وجواب کو رکھا گیا ہے جس میں اشکال کا جواب ہے تاکہ ناظرین کرام کو قابل اشکال جواب تلاش کرنے کی زحمت نہ اٹھانی پڑے۔
(6)            جن جوابات میں مفتی صاحب قدس سرہ نے اپنے مطبوعہ فتوے کا حوالہ دیا ہے حاشیہ میں یا بین القوسین اس کی نشاندہی کی گئی ہے کہ وہ فتوی اس ترتیب ِ جدید میں کہاں ہے۔
(7)            قدیم جلدوں میں ہر سوال کے شروع میں جو سلسلہ وار نمبرات تھے ان کو حذف کرکے موجودہ ترتیب کے لحاظ سے سلسلہ وار نمبرات لگائے گئے ہیں۔
(8)            ہر جواب کے آخر میں قدیم جلدوں کا مع صفحات حوالہ درج کیا گیا ہے تاکہ کوئی صاحب اصل سے ملانا چاہیں تو دشواری پیش نہ آئے۔
(9)            مفتی صاحب قدس سرہ کے بعض فتاوی بہت طویل ہیں، ان فتاوی میں جو ذیلی عناوین تھے ان کو اس ترتیب جدید میں مستقل سطر میں دائیں طرف اور ہر فتوے پر جو عنوان تھا اس کو درمیان سطر میں رکھا گیا ہے تاکہ ناظرینِ کرام جان لیں کہ کونسا عنوان مستقل ہے اور کونسا عنوان ذیلی ہے۔
(10)        اس ترتیب ِ جدید کی خصوصیت یہ ہے کہ بعض مسائل پر حضرت مولانا مفتی سعید احمد صاحب پالن پوری شیخ الحدیث وصدر المدرسین دار العلوم دیوبنددامت برکاتہم نے قیمتی حواشی ارقام فرمائے ہیں جو قابل دید ہیں۔

محمد امین پالن پوری                                                                                                   
خادم حدیث وفقہ ومرتب فتاوی دار العلوم دیوبند                   
٣ شعبان سنہ ١٤٣١ھ مطابق ١٦ جولائی سنہ ٢٠١٠ء                                            
بروز جمعہ                       
        فتاوی رحیمیہ کی ترتیب ِ جدید

حضرت اقدس مفتی عبد الرحیم صاحب لاجپوری ثم راندیری قدس سرہ کے ساتھ راقم الحروف کی طویل رفاقت رہی ہے۔ حضرت مفتی صاحب ضلع سورت کی جمعیة العلماء کے صدر تھے اور میں ناظم اعلیٰ۔ اس تعلق سے میرا حضرت سے بار بار ملنا ہوتاتھا۔
    پھر جب میں راندیر سے دار العلوم دیوبندمنتقل ہوگیا تو فتاوی رحیمیہ کی تصحیح وطباعت کا کام مفتی صاحب نے مجھے سپرد کردیا۔ پہلے یہ کام حضرت مولانا محمد میاں صاحب دہلوی قدس سرہ انجام دیتے تھے، آپ مدرسہ امینیہ دہلی کے شیخ الحدیث اور مفتی تھے۔ فتاوی رحیمیہ کی پہلی دو جلدیں ان کی تصحیح اور نگرانی میں طبع ہوئی ہیں، آپ فتاوی کی نوک پلک درست کرتے تھے، کتابت کرواتے تھے اور تصحیح( پروف ریڈنگ) کرتے تھے۔ اس طرح دو جلدیں مولانا موصوف کی نگرانی میں طبع ہوئیں،  پھر جب آپ کا پیمانۂ حیات لبریز ہوگیا تو مفتی صاحب نے یہ خدمت مجھے سپرد کی۔ باقی آٹھ جلدیں میری نگرانی اور تصحیح سے طبع ہوئی ہیں۔ آخر ی جلدوں میں میرے ساتھ میرے برادر عزیز جناب مولانا مفتی محمد امین صاحب پالن پوری بھی شریک رہے ہیں۔
  چونکہ فتاوی رحیمیہ چار مراحل میں طبع ہوا تھا:
    ١ـپہلے اس کی دو جلدیں گجراتی میں طبع ہوئیں تھیں۔ پھر ان کا اردو ترجمہ کرکے حضرت مولانا محمد میاں صاحب رحمہ اللہ کی تصحیح کے ساتھ طبع ہوئیں۔
   ٢ـ پھر جب اور مواد اکٹھا ہوا تو صرف تیسری جلد اردو سے براہ راست طبع ہوئی۔
   ٣ـ پھر عرصہ کے بعد جلد ٤ تا٦ طبع ہوئیں۔
      ٤ـ پھر جلد ٧ تا١٠ طبع ہوئیں۔
       اور ہر مرحلہ کی جلدوں میں تمام ابواب فقہیہ شامل تھے، ا س طرح ابواب منتشر ہوگئے۔ میں حضرت مفتی صاحب رحمہ اللہ سے بار بار عرض کرتا تھا کہ اب اس کی ترتیب جدید ہونی چاہئے۔ مفتی صاحب فرماتے تھے: ہوسکتا ہے ابھی اور جلدیں آئیں، اس لیے میرے مرنے کے بعد ترتیب دینا۔ اس طرح وقت گذرتا رہا اور مفتی صاحب کمزور سے کمزورتر  ہوتے گئے۔ چونکہ دیوبند میں فتاوی رحیمیہ کا میں ہی واحد اسٹاکسٹ تھا، اس لیے لوگ مجھ ہی سے ترتیب جدید کا مطالبہ کرتے تھے، اور میں لوگوں کا مطالبہ مفتی صاحب تک پہنچاتا تھا۔
  پھر مفتی صاحب رحمہ اللہ کی حیات ہی میں ایک فاضل ( مفتی عبد القیوم راجکوٹی صاحب) نے تمام جلدوں کی فہرست مرتب کی، جس کو مفتی صاحب نے شائع کیا، وہ سیٹ کے ساتھ دی جاتی تھی، اس طرح لوگوں کا تقاضا کچھ کم ہوا، اور قارئین کو ایک'' کلید'' میسر آئی جس سے کام چلتا رہا۔
  پھر ایسا ہوا کہ پاکستان کے کچھ احباب نے فتاوی کی ترتیب کی اجازت چاہی۔ حضرت مفتی صاحب رحمہ اللہ نے اس سلسلہ میں مجھ سے مشورہ کیا۔ مفتی صاحب درحقیقت چاہتے یہ تھے کہ فتاوی کی ترتیب میں دوں، مگر میں اپنی تعلیمی اور تدریسی مشغولیت کی وجہ سے یہ کام انجام نہ دے سکا تو میں نے مفتی صاحب کو مشورہ دیا کہ پاکستان والوں کو اجازت دیدیں ، مگر حقوق نہ دیں، کیونکہ ممکن ہے پاکستان کی ترتیب آپ کے حسب منشاء نہ ہو اور از سر نو ترتیب دینی پڑے۔ چنانچہ مفتی صاحب نے جو خط مفتی محمد صالح کے نام ارقام فرمایا ہے اور جو پاکستان کے دارالاشاعت کے ایڈیشن میں شائع بھی ہوچکا ہے، اس میں صرف ترتیب ِ جدید کی اجازت دی ہے اور یہ ہدایت فرمائی ہے کہ مکرر فتوی بھی حذف نہ کیا جائے، اس میں حقوق دینے کی کوئی صراحت نہیں۔ اور حقوق فروخت کرنے کا مفتی صاحب کا مزاج بھی نہیں تھا۔ البتہ حقوق محفوظ رکھنے کے قائل تھے، میں نے اس سلسلہ میں ایک مرتبہ آپ سے عرض کیا کہ آپ ہر جلد پر '' حقوق محفوظ ہیں'' کیوں لکھواتے ہیں؟ آپ نے فرمایا: اس لئے لکھواتا ہوں کہ معاملہ ہاتھ سے نکل نہ جائے، ناشرین نہ جانیں کیا کاٹ چھانٹ کریں، تصحیح کا اہتمام کریں یا نہ کریں اور کتاب بگاڑ دیں، اس لیے چاہتا ہوں کہ جو شائع کرے میری اجازت سے اور میری نگرانی میں شائع کرے، تاکہ کتاب کی افادیت متأثر نہ ہو۔
 پھر جب پاکستان کی اشاعت سامنے آئی تو اس میں چند کمیاں محسوس کی گئیں:
   ١ـ تصحیح( پروف ریڈنگ) کی کمی۔ ایسی غلطیاں کتاب میں بے شمار ہیں۔
   ٢ـ تکرار کا پایا جانا۔ مثلاً شروع میں تقریظات میں البعث السلامیکا تبصرہ مکرر ہے۔
  ٣ـ بے ضرورت حواشی کا اضافہ۔ حضرت مفتی صاحب کے فتاوی میں ذرا کمی نہیں ہے، البتہ کہیں اطناب محسوس ہوتا ہے پھر خواہ مخواہ حاشیہ میں عربی عبارتیں نقل کرنا: بے ضرورت عمل معلوم ہوتا ہے۔ اور آج کل یہ فیشن چل پڑا ہے۔ اکابرکی کوئی بھی کتاب لے کر اصاغر تخریج وتعلیق کرتے ہیں اور بے ضرورت مور سے دُم بڑھادیتے ہیں، بلکہ ان کے حواشی بعض جگہ: '' من چہ سرایم وطنبورئہ من چہ سراید'' کا مصداق ہوتے ہیں، اور اس کی تازہ مثال فتاوی محمودیہ کی تعلیقات ہیں جو پاکستان سے شائع ہوئی ہیں اور اب ہندوستان سے بھی ایسی ہی تعلیقات کے ساتھ کتاب شائع ہوئی ہے۔ حالانکہ مفتی محمود صاحب قدس سرہ کا فتوی ہی نص ہے، وہ کسی حاشیہ کا محتاج نہیں، اور ممکن ہے محشی نے جو حاشیہ بڑھایا ہے وہ فتوی لکھتے وقت مفتی صاحب کے حاشیہ خیال میں بھی نہ ہو۔
    ہاں اجمال کی تفصیل کرنے میں، کسی جگہ تسامح ہے تو اس پر تنبیہ کرنے میں ،یا عربی عبارت بے حوالہ ہے تو حوالبڑھانے میں کوئی حرج نہیں، بلکہ یہ کام ضروری ہے، مگر مفتی کے فتوی کی بنیادیں فراہم کرنا اور وہ بھی مبتدیوں  کی طرف سے: عجیب سا معلوم ہوتا ہے۔ بلکہ اکثر جگہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ حاشیہ نگار کی اس بنیاد تک پہنچ ہی نہیں  ہوئی: جس بنیاد پر مفتی نے فتوی لکھا ہے۔ پھر  ضِغْث علی ِبَّالَةیہ ہے کہ ان اصاغر پر جو حضرات نگران ہوتے ہیں وہ ان کے کام کو سرسری دیکھتے ہیں اور اشاعت کی اجازت دے دیتے ہیں۔ یہ ایک غلط طریقہ ہے جو تیزی سے چل پڑا ہے۔
   ٤ـ کتابت کا خفی ہونا۔ حضرت مفتی لاجپوری صاحب کو اس کا بڑا اہتمام تھا کہ کتابت جلی ہو، تاکہ حسن بھی پیدا ہو اور ہر عمر کے لوگ بے تکلف پڑھ سکیں۔ دارالاشاعت کے ایڈیشن کی کتابت ذرا خفی ہے۔
     ٥ـ بعض فتاوی کا اس کے موقعہ پر نہ ہونا۔ مثلاًمفتی صاحب کے بعض فتاوی پر کسی نے نقد کیا ہے، مفتی صاحب نے اس کا جواب دیا ہے، اس کو پہلے فتوی کے بعد متصلاً رکھنا چاہئے، مگر پاکستانی اشاعت میں اس کا التزام نہیں۔
     اس قسم کی اور بھی کمیاں محسوس کی گئیں، پھر بھی وہ ایک اچھا کام ہوگیا، مگر جب وہ کام ہندوستان پہنچا تو اس کی بعینہ اشاعت مناسب نہیں سمجھی گئی۔ سابقہ غیر مرتب فتاوی ہی یہاں شائع ہوتے رہے۔
  حضرت مفتی صاحب قدس سرہ اپنے فتاوی خود شائع کرتے تھے، اور دیوبند میں ان کا تجارتی نمائندہ میں تھا۔ اور مفتی صاحب کی کوئی نرینہ اولاد نہیں تھی، ان کی وفات کے بعد کاروبار ان کے بھتیجے نے سنبھالا، مگر کام ان کے قابو میں نہیں آیا، کبھی کوئی جلد کبھی دوسری جلد ختم ہوجاتی تھی، جس سے سیٹ ٹوٹ جاتا تھا اور فروختگی میں دشواری پیش آتی تھی۔
    جب یہ سلسلہ دراز ہوا تو مفتی صاحب کے بھتیجے نے مجھے اجازت دی کہ آپ ہی فتاوی شائع کریں، پلیٹیں گھس چکی تھیں اور جو جلدیں عکسی چھپتی تھیں ان کی فلمیں بھی لیتھو کی طباعت سے بنائی گئی تھیں: اس لئے صاف نہیں تھیں۔ چنانچہ میں نے ارادہ کیا کہ فتاوی کو مرتب کروں اور دیدہ زیب کتابت کراؤں۔ کام شروع کیا، مگر میرے علمی مشاغل سد ّ راہ بنتے رہے، چنانچہ میں نے معذرت کی کہ یہ کام میرے بس کا نہیں۔ انھوں نے میرے بھائی جناب مولانا مفتی محمد امین صاحب پالن پوری( استاذ دار العلوم دیوبند) سے گفتگو کی وہ تیار ہوگئے، ان کو فتاوی دار العلوم دیوبند( جلد ١٣ تا١٥) کی ترتیب کا تجربہ تھا، آگے بھی کام ان کی نگرانی میں جاری ہے۔ چنانچہ میں نے پوری کتاب کی ترتیب دی اور ان کے حوالے کی، انھوں نے کتابت وتصحیح کے مراحل سے کتاب کو گذار کر قابل اشاعت بنایا اور دو چار جگہ انھوں نے ضرورت محسوس کی تو میں نے وہاں حواشی لکھے، باقی پوری کتاب حرف ِ آخر ہے، کسی جگہ حاشیہ کی ضرورت نہیں، مجھے امید ہے کہ اگر آج حضرت مفتی صاحب قدس سرہ حیات ہوتے تو فتاوی کی ترتیب ِ جدید اور تزئین سے خوش ہوتے۔ اللہ تعالیٰ حضرت کی بال بال مغفرت فرمائیں اور ان کے ان عظیم کارنامہ کو ان کے لئے صدقہ جاریہ بنائیں( آمین)
حررہ :                                                                                     
سعید احمد عفا اللہ عنہ پالن پوری                                                  
خادم دار العلوم دیوبند١٠شعبان١٤٣١ھ  
کتاب منگوانی ہو تو سر ورق پہ موجود رابطہ پہ کلک کیجئے

Monday, September 19, 2011

حدیث اور سنت میں فرق

ماخوذ از علمی خطبات 

مسائل میں ہر حدیث حجت نہیں
وہ حدیث حجت ہے جو سنت (معمول بہ) ہے
خطبہ مسنونہ کے بعد:(قُلْ ھذِہِ سَبِیْلِیْ أَدْعُوْا ِلَی اللّٰہِ)وقال النبیُّ صلی اﷲ علیہ وسلم:تَرَکْتُ فِیْکُمْ أَمْرَیْنِ، لَنْ تَضِلُّوْا مَا تَمَسَّکْتُمْ بِہِمَا: کِتَابَ اللّٰہِ وَسُنَّتِی۔
 بزرگو اور بھائیو! آج آپ کو ایک مسئلہ سمجھانا ہے، تقریریں تو آپ رمضان بھر سنتے رہے ہیں! مسئلہ یہ ہے کہ حدیث اور سنت میں کیا فرق ہے؟ ایک فرقہ خود کو اہل ِقرآن کہتا ہے، دوسرا خودکو اہل حدیث کہتا ہے، اور ہم خود کو اہل السنہ والجماعۃ کہتے ہیں۔ پس قرآن اور حدیث میں کیا فرق ہے؟ یہ تو ہر کوئی جانتا ہے، لیکن حدیث اور سنت میں کیا فرق ہے؟ یہ فرق لوگ نہیں جانتے، بلکہ لوگوں میں غلط فہمی ہے یا غلط فہمی پیدا کی جاتی ہے کہ حدیث اور سنت ایک ہیں، حالانکہ ایسا نہیں ، اس لئے یہ اہم مضمون آج سمجھانا ہے۔
                حدیث اور سنت میں فرق:
حدیث اور سنت دونوں ایک دوسرے سے بالکل جدا تو نہیں ہیں، یعنی دونوں میں تباین کی نسبت نہیں ہے، مگر ایسا بھی نہیں ہے کہ دونوں میں تساوی کی نسبت ہو، بلکہ حدیث اور سنت میں عموم وخصوص من وجہٍ کی نسبت ہے، اور جہاں یہ نسبت ہوتی ہے وہاں دو چیزیں کبھی الگ الگ ہوجاتی ہیں، اور کبھی اکٹھاہوجاتی ہیں، جیسے سفید اور جانور میں یہی نسبت ہے، اس لئے کبھی دونوں اکٹھا ہونگے، اور کبھی الگ، سفید کپڑا: سفید ہے، مگر جانور نہیں، کالی بھینس: جانور ہے، مگر سفید نہیں، اور سفید بیل: سفید بھی ہے اور جانور بھی، حدیث اور سنت کے درمیان بھی یہی نسبت ہے، اس لئے کبھی حدیث الگ ہوجاتی ہے، وہ سنت نہیں ہوتی، اور کبھی سنت الگ ہوجاتی ہے، وہ حدیث نہیں ہوتی، اور کبھی دونوں جمع ہوجاتے ہیں، وہ حدیث بھی ہوتی ہے اور سنت بھی۔
 حدیث کی تعریف:
 حدیث: چار چیزوں کا نام ہے:
  ١ـنبی پاکﷺنے زندگی میں جو کچھ ارشاد فرمایا ہے: وہ سب حدیث ہے۔
 ٢ـ آپؐ نے زندگی میں جو بھی کام کیا ہے: وہ حدیث ہے۔
 ٣ـآپﷺنے جن باتوں کو برقرار رکھا ہے: وہ بھی حدیث ہے۔ یعنی کسی مسلمان نے کوئی کام کیا، نبی پاکﷺنے اس کو دیکھا، یا وہ آپؐ کے علم میں آیا اور آپؐ نے اس پر نکیر نہیں فرمائی بلکہ اس کو برقراررکھا، اس کی تائید فرمائی تو یہ بھی حدیث ہے۔ 
 ٤ـنبی پاکﷺکی صفات یعنی ذاتی حالات بھی حدیث ہیں۔
ان چار چیزوں کا نام حدیث ہے۔ اب ہر ایک کی مثال لیں:
قولی حدیث کی مثال:
بخاری کی پہلی حدیث ہے:اِِنَّمَا الأَعْمَالُ بِالنِّیَّة: عمل کا نیت سے موازنہ کیا ہوا ہے، عمل نیت کے موافق ہوتا ہے، عبادت کی نیت ہے تو ثواب ملے گا، اور عبادت کی نیت نہیں ہے تو وہ محض عمل ہے، اس پر ثواب کچھ نہیں ملے گا۔
حدیث کا تعلق عبادات سے ہے:
 یہاں کچھ لوگ پوچھتے ہیں: ایک شخص اس لئے چوری کرتا ہے کہ وہ غریبوں کی مدد کرے، یا لوگ پوچھتے ہیں کہ پیسہ گھر میں تو رکھا نہیں جاسکتا، بینک میں رکھنا ضروری ہے، پس اگر کوئی بینک میں کھاتہ کھلواتا ہے اور کرنٹ اکاونٹ کے بجائے سیونگ اکاونٹ کھلواتا ہے تاکہ جو بینک سے انٹرسٹ ملے اس کو ثواب کی نیت کے بغیر غریبوں کو دیدے تو یہ اچھی نیتیں ہیں۔ اور حدیث میں ہے: انما الأعمال بالنیة: اعمال نیت کے موافق ہوتے ہیں، پس یہ جو بینک سے سود لے کر غریبوں کو دے رہا ہے یا غریبوں کی مدد کی نیت سے چوری کررہا ہے: اس کو ثواب ملنا چاہئے، اور یہ کام جائز ہونے چاہئیں؟
  میں اُسے جواب دیتا ہوں کہ غریبوں کے لئے آپ کو دبلا ہونے کی ضرورت نہیں، غریبوں کے خدا آپ نہیں، غر یبوں کا خدا کوئی اور ہے، اور وہی ان کا رازق ہے۔
  اور مذکورہ حدیث کا دائرہ عبادات تک ہے ، معاصی اس کے دائرہ میں نہیں۔ عبادات میں اگر عبادت کی نیت ہے تو ثواب ملے گا اور اگر عبادت کی نیت نہیں ہے تو ثواب نہیں ملے گا۔
  اور حدیث کا دائرہ عبادات تک ہے: اس کی دلیل اگلا جملہ ہے:وَِنَّمَا لِکُلِّ امْرِأٍ مَّانَویٰ:ہر انسان کو وہی ملے گا جس کی اس نے نیت کی ہے، مگر ابھی بات کلیر (واضح) نہیں ہوئی، اس لئے نبیﷺنے ہجرت کی مثال دے کر مضمون واضح فرمایا :
   ہجرت دور اول میں فرض تھی، اور بہت بڑی عبادت تھی، قرآن وحدیث میں اس کے بے شمار فضائل آئے ہیں، حضورﷺنے فرمایا: تین بندے ہجرت کرتے ہیں، وطن چھوڑ کر مدینہ آتے ہیں:
    ایک کیوں آیا ہے؟ اس لئے کہ وہ سچے دل سے مسلمان ہوا ہے، اور اسلام کا درخت ابھی نونہال ہے، اس کی آبیاری کی ضرورت ہے، اس لئے وہ مدینہ آیا ہے تاکہ دعوت وجہاد میں شریک ہو، دین سیکھے، اور ہر طرح دین کی خدمت کرے۔
     دوسرا کیوں آیا ہے؟ وہ اس لئے آیا ہے کہ اس کی گاؤں میں پرچون کی دوکان تھی،اب گاؤں کے لوگ مسلمان ہوکر ہجرت کرکے مدینہ جارہے ہیں، اور گاؤں کی آبادی گھٹ رہی ہے، اس لئے دوکان پھیکی پڑ رہی ہے، اس لئے اس نے سوچا کہ مدینہ منورہ کی آبادی بڑھ رہی ہے، پس میں مدینہ چلا جاؤں اور وہاں دوکان کھولوں تو دوکان خوب چلے گی۔ چنانچہ وہ ہجرت کرکے مدینہ منورہ چلا آیا۔  اور تیسرا کیوں آیا ہے؟ وہ ایک خاص عورت سے شادی کرنا چاہتا ہے، مگر وہ عورت ہجرت کرکے مدینہ جاچکی ہے، اب وہ سوچتا ہے کہ اگر میں وطن میں رہا تو نکاح نہیں ہوسکتا، چلو میں بھی مدینہ پہنچ جاؤں، اور اس عورت سے راہ ورسم پیدا کروں اور نکاح کرلوں، چنانچہ وہ بھی ہجرت کرکے مدینہ منورہ آگیا۔
   نبیﷺنے فرمایا: پہلا شخص جس نے اللہ اور اس کے رسول کے لئے ہجرت کی ہے اس کی ہجرت مقبول ہے اور دینی عمل ہے، قرآن وحدیث میں اسی کے فضائل آئے ہیں، اور دوسرے اور تیسرے بندوں کو ہجرت کا کوئی ثواب نہیں ملے گا، ان کی ہجرت دینی عمل نہیں ہے۔
     پس اگر حدیث کا سیاق پیش نظر رکھا جائے تو یہ بات صاف ہوجاتی ہے کہ حدیث کا دائرہ عبادات تک ہے، معاصی اس کے دائرے میں نہیں ۔
   فعلی حدیث کی مثال:
   جب مسجد ِ نبوی میں منبر رکھا گیا تو نبیﷺنے منبر پر چڑھ کر نماز پڑھائی، سجدہ نیچے کرکے اگلی رکعت میں منبر پر چڑھ جاتے تھے، پھر سلام پھیرنے کے بعد ارشاد فرمایا: صَلُّوْا کَمَا رَأَیْتُمُوْنِیْ أُصَلِّیْ: آپ لوگوں نے جس طرح مجھے نماز پڑھتے ہوئے دیکھا ہے، اسی طرح نماز پڑھو۔ یہ جو آپؐ نے نماز پڑھ کر دکھائی ہے، یہ فعلی حدیث ہے۔
  تقریر نبوی کی مثال:
   مکہ میں تو پتھروں کے علاوہ کچھ نہیں، البتہ اسّی کلو میٹر پر طائف ہے، وہاں کھیت ہیں، باغات ہیں، اور ساڑھے چارسو کلو میٹر پر مدینہ منورہ ہے، وہاں بھی باغات اور کھیت ہیں۔ جب نبیﷺہجرت کرکے مدینہ آئے تو مدینہ میں بیع سلم (بدھنی بیع) کا رواج تھا۔ ابھی کھجور پر پھول بھی نہیں آئے ہوتے تھے کہ کھجوریں بیچ دیتے تھے، بھاؤ طے ہوجاتا تھا، مدت طے ہوجاتی تھی، قیمت تاجر اسی وقت دیدیتا تھا، اور باغ والا وقت ِ مقررہ پر کھجوریں دیتا تھا، اس کو بیع سلم کہتے ہیں۔ شریعت کے اصول سے یہ بیع صحیح نہیں، کیونکہ مبیع کا وجود نہیں، جبکہ صحت ِ بیع کے لئے مبیع کا وجود ضروری ہے، اور مبیع: بائع کی ملکیت میں اور بائع کے قبضہ میں ہونا بھی ضروری ہے، نیز اس کا مقدور التسلیم ہونا بھی ضروری ہے، جبھی بیع درست ہوگی، ورنہ نہیں۔ اور کھجوروں کی بیع سلم میں ابھی درختوں پر پھول بھی نہیں آئے، جب کھجوروں کا وجود ہی نہیں تو ملکیت کا کیا سوال؟ اور جب ملکیت نہیں تو قبضہ کا کیا سوال؟ اس لئے شریعت کی اصول سے یہ بیع باطل ہے۔
  جب نبیﷺکے علم میں یہ بیع آئی تو آپؐ نے صحابہ کو اس بیع سے منع نہیں کیا، بلکہ فرمایا:مَنْ أَسْلَمَ مِنْکُمْ فَلْیُسْلِمْ فِیْ کِیْلٍ مَعْلُوْمٍ أَوْ وَزْنٍ مَّعْلُوْمٍ ِلٰی أَجَلٍ مَّعْلُوْمٍ: جب تم سلم کرو تو تمام تفصیلات طے کرلو، پیمانہ یا وزن طے کرلو اور مدت بھی طے کرلو تاکہ آئندہ کوئی نزاع نہ ہو، غرض:حضورنے شرائط تو بڑھائیں، مگر سلم سے منع نہیں کیا۔ پس یہ حدیث بن گئی، اور اس کا نام تقریری حدیث ہے۔
    بیع سلم کے جواز کی حکمت:
     جب اسلام کے اصول سے بیع سلم صحیح نہیں: تو پھر حضورﷺنے اس کو کیوں برقرار رکھا اس کا جواب یہ ہے کہ بیع سلم میں اگرچہ بائع کے پاس مبیع نہیں ہوتی، مگر مارکیٹ میں ہوتی ہے، پس جب مارکیٹ میں مبیع موجود ہے تو اگر اس کے باغ میں مبیع ( کھجوریں) نہ بھی پیدا ہوگی تو وہ مقررہ وقت پر مارکیٹ سے خرید کر دیدے گا۔چنانچہ خاص جگہ کی پیداوار کی سلم میں شرط لگانا درست نہیں، غرض مارکیٹ میں مبیع کے وجود کو بائع کی ملکیت میں موجودمان لیاگیا ہے، اور یہ ایک طرح کا حیلہ ہے۔
     اور یہ حیلہ اس لئے اختیار کیا گیا ہے کہ اس میں عظیم فائدہ ہے، اور وہ یہ ہے کہ آدمی سرمایے کے بغیر بڑے سے بڑا کاروبار کھڑا کرسکتا ہے۔
     مثال کے طور پر:ایک شخص کو بنیان بنانے کا کارخانہ قائم کرنا ہے، اس کے لئے لاکھوں روپیوں کی مشینوں کی ضرورت ہوگی، مگر سرمایہ اس کے پاس نہیں ہے، البتہ لوگوں میں اس کا اعتبار ہے، اس نے دوکانداروں سے معاملہ کیا، اس نمبر کا سوت، یہ سائز وغیرہ تمام تفصیلات طے کیں اور قیمت بھی طے کی اور کہا: چھ مہینے کے بعد سپلائی کروں گا اور ہر مہینہ ایک ہزار پیس دوں گا۔ چنانچہ کسی نے دس ہزار پیس خریدے، کسی نے پچاس ہزار، اور اس نے سب سے  پیسے اسی وقت لے لئے، سلم میں ثمن مجلس عقد ہی میں دینا ہوتا ہے۔ پندرہ لاکھ جمع ہوگئے۔ وہ مشینیں لایا، کارخانہ کھڑاکیا اور پروڈکشن شروع ہوگیا، اور مقررہ وقت پر سپلائی شروع کردی۔ سال دو سال میں سب کے پاس مال پہنچ گیا اور اس کا کارخانہ فری ہوگیا۔ یہ بیع سلم کا فائدہ ہے۔ اس لئے شریعت نے اس کو برقرار رکھا ہے، اور آج مشینی دور میں بے شمار چیزوں کا سلم ہوسکتا ہے، ہر وہ چیز جس کی جملہ تفصیلات طے ہوسکتی ہوں، اور اس کا مارکیٹ میں وجود ہو: اس کی بیع سلم درست ہے۔
 اوصاف نبوی کی مثال:
  نبی پاکﷺکے ذاتی حالات اوصاف کہلاتے ہیں، مثلاً: آپؐ کے بال ایسے تھے: نہ بالکل سیدھے تھے، نہ بالکل گھونگھریالے، درمیانی کیفیت لئے ہوئے تھے، سیدھے تھے، مگر کچھ گھونگھریالاپن تھا، دندانِ مبارک ایسے تھے: سامنے کے اوپر کے دانتوں میں ذرا کشادگی تھی، جب آپؐ گفتگو فرماتے تو ان کے درمیان سے ایک نور سا نکلتا ہوا محسوس ہوتا تھا۔ یہ سب حدیثیں ہیں۔
                سنت کے معنی:
   سُنَّة: کے لغوی معنی ہیں: راستہ(الطریق) اور یہ لفظ قرآن میں بھی استعمال ہوا ہے، احادیث میں بھی آیا ہے اور فقہ میں بھی، اور تینوں جگہ معنی الگ الگ ہیں، قرآن میں ہے: (وَلَنْ تَجِدَ لِسُنَّةِ اللّٰہِ تَبْدِیْلاً): تم اللہ کی سنت کو بدلتا ہوا نہیں پاؤگے۔ اور حدیث میں ہے:تَرَکْتُ فِیْکُمْ أَمْرَیْنِ: میں نے تمہارے اندر دو چیزیں چھوڑی ہیں: لَنْ تَضِلُّوْا مَا تَمَسَّکْتُمْ بِہِمَا: جب تک تم ان دونوں کو مضبوط پکڑے رہوگے: ہرگز گمراہ نہیں ہوؤگے، وہ دو چیزیں کیا ہیں: کِتَابَ اللّٰہِ وَسُنَّتِیْ: اللہ کی کتاب اور میرا طریقہ۔ اور فقہ میں: سنت مؤکدہ اور سنت ِ غیر مؤکدہ کی اصطلاحیں ہیں۔ غرض تینوں میں یہ لفظ استعمال ہوا ہے، اور تینوں جگہ معنی الگ الگ ہیں۔
   فقہ میں سنت: احکام کا ایک درجہ ہے، واجب سے نیچے اور مندوب سے اوپر: ماکان فی مشروعیتہ دون الواجب وفوق المندوب پھر فقہاء نے اس کی دو قسمیں کی ہیں: سنت مؤکدہ اور غیر مؤکدہ۔
 قرآنِ کریم میں سنت کے معنی ہیں: اشیائے عالَم میں رکھی ہوئی صلاحتیوں پر مسببات کا متفرع ہونا۔ اس کی تفصیل حضرت شاہ ولی اللہ صاحب رحمہ اللہ نے حجۃ اللہ البالغہ میں کی ہے۔ ایک پورا باب اسی کے لئے قائم کیا ہے ، اس کا خلاصہ یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ نے اسباب میں صلاحیتیں ودیعت فرمائی ہیں، چنانچہ اسباب سے مسببات پیدا ہوتے ہیں، یہی اللہ کی سنت ہے، جیسے کھجور کی گٹھلی بوئیں گے تو خاص قسم کے پتے نکلیں گے خاص طرح کے پھول آئیں گے، خاص طرح کے پھل آئیں گے، یہی سنت الٰہی ہے۔ کبھی ایسا نہیں ہوتا کہ آپ کھجور کی گٹھلی بوئیں اور گیہوں کا پودا نکلے، اللہ سب کچھ کرسکتے ہیں، مگر اللہ نے صلاحیت ایسی ہی ودیعت فرمائی ہے۔ آپ املی کی گٹھلی بوئیں: املی ہی کا درخت اُگے گا یہ اللہ کی سنت ہے اور اللہ کی یہ سنت بدلتی نہیں(وَلَنْ تَجِدَ لِسُنَّةِ اللّٰہِ تَبْدِیْلاً) : اللہ نے جس چیز میں جو صلاحیت رکھی ہے وہی صلاحیت بروئے کار آتی ہے۔
 سوال: اگر کوئی کہے کہ اللہ نے آگ میں جلانے کی صلاحیت رکھی ہے، مگر آگ نے حضرت ابراہیم علیہ السلام کو نہیں جلایا!
 جواب: یہ ہے کہ یہ خرقِ عادت ہے، اللہ تعالیٰ اسباب کی صلاحیت کے خلاف بھی کرتے ہیں، تاکہ معلوم ہوجائے کہ اسباب: اسباب ہیں، خدا نہیں، خدا ان کے اوپر ہے، اور اسباب کی لگام خدا کے ہاتھ میں ہے، جب تک وہ چاہیں گے اسباب کام کریں گے اور جب وہ نہیں چاہیں گے آگ نہیں جلائے گی۔
                 غرض: اللہ نے کائنات کی چیزوں میں جو صلاحیتیں امانت رکھی ہیں، اور ان صلاحیتوں سے جو مسببات وجود میں آتے ہیں: اس کا نام قرآن میں سنت اللہ ہے۔ راستہ۔ اسی کے لئے حدیثوں میں لفظ سنت آیا ہے ، یہ حدیثیں آگے آرہی ہیں۔
                نسخ شریعتوں میں ہوتا ہے ، دین میں نہیں ہوتا
اور نسخ شریعتوں میں ہوتا ہے، بعد کی شریعت سابقہ شریعت کو منسوخ کرتی ہے، البتہ دین تمام نبیوں کا ایک ہے، کیونکہ دین عقائد کا نام ہے اور عقائد بدلتے نہیں، اللہ ایک ہیں : ہیں، اللہ صفاتِ کمالیہ کے ساتھ متصف ہیں : ہیں، اللہ نقائص سے پاک ہیں : ہیں۔ ان میں کیا تبدیلی آسکتی ہے؟ ملائکہ واقعی مخلوق ہیں، قیامت آنی ہے، مرکر دوبارہ زندہ ہونا ہے: یہ سب عقائد ہیں، جن میں کوئی تبدیلی نہیں ہوسکتی، اس لئے قرآن میں ہے:(اِنَّ الدِّیْنَ عِنْدَ اللّٰہِ الِاسْلاَمُ): آدم علیہ السلام سے خاتم النّبیینﷺ تک دین ایک ہے، یہی دین ہمیشہ نازل ہوا ہے، اسی پر جینا ہے اور اسی کو لے کر آخرت میں جانا ہے۔
 لیکن شریعتیں مختلف رہی ہیں، کیونکہ ان میں قوموں کے حالات کا لحاظ کیا گیا ہے،جیسے آدم علیہ السلام کی شریعت میں بہن سے نکاح جائز تھا، کیونکہ اس وقت بہن کے علاوہ اور کوئی عورت نہیں تھی، پس اگر بہن سے نکاح جائز نہیں ہوگا تو نسلِ انسانی کیسے چلے گی؟ پھر جب عورتیں بہت ہوگئیں تو نوح علیہ السلام کی شریعت میں بہن سے نکاح حرام کردیا گیا۔
  بہرحال شریعتوں میں چونکہ زمانے اور لوگوں کے احوال کا لحاظ کیا گیا ہے اس لئے شریعتوں میں نسخ ہوا ہے، آدم علیہ السلام کی شریعت نوح علیہ السلام کی شریعت سے منسوخ ہوئی، پھر نوح علیہ السلام کی شریعت ابراہیم علیہ السلام کی شریعت سے منسوخ ہوئی، پھر اُن کی شریعت موسی کی شریعت سے منسوخ ہوئی، پھر ان کی شریعت عیسی کی شریعت سے منسوخ ہوئی، آخر میں ہمارے نبیﷺ کی شریعت سے باقی تمام شریعتیں منسوخ ہوئیں۔
                شریعت کے اندر بھی نسخ ہوتا ہے:
اورشریعت کے اندر بھی نسخ ہوتا ہے، یعنی پہلے ایک حکم آتا ہے پھر وہ حکم بدل جاتا ہے، اور دوسرا حکم آتا ہے۔ ایسا نسخ ہماری شریعت میں بھی ہوا ہے، اور اس سلسلے میں قرآنِ کریم کی آیت ہے:(مَانَنْسَخْ مِنْ آیَةٍ أَوْ نُنْسِہَا نَأْتِ بِخَیْرٍ مِّنْہَا أَوْ مِثْلِہَا): ہم ایک حکم ہٹاکر دوسرا حکم جو بھیجتے ہیں تو وہ دوسرا حکم پہلے حکم کے مانند ہوتا ہے یا اس سے بہتر ہوتا ہے۔ چنانچہ قرآنِ کریم میں بھی نسخ ہوا ہے اور حدیثوں میں بھی نسخ ہوا ہے۔
سوال: شریعت میں نسخ کیوں ہوتا ہے؟
جواب:ایک مریض حکیم کے پاس جاتا ہے، اور کہتا ہے: مجھے یہ ہورہا ہے۔ حکیم نسخہ لکھتا ہے اور کہتا ہے: پندرہ دن یہ نسخہ پی کر آؤ۔ دوبارہ آیا، نبض دیکھی، احوال پوچھے، نسخہ نے ٹھیک کام کیا ہے، مگر حکیم نسخہ بدلدیتا ہے، دوسرا نسخہ لکھتا ہے اور کہتا ہے: جاؤ یہ پندرہ دن پی کر آؤ، اس نے پیا اور تیسری مرتبہ آیا، احوال بتائے، نبض دکھائی، اِس نسخہ نے بھی ٹھیک کام کیا ہے،مگر حکیم وہ نسخہ چھوڑ کر تیسرا نسخہ لکھتا ہے، اور کہتا ہے: اب یہ نسخہ شفا ہونے تک پیتے رہو۔ 
اب کوئی کہے کہ حکیم پاگل ہے! پہلے ہی سے یہ آخری نسخہ کیوں نہیں لکھا!حکیم پاگل نہیں، جنابِ عالی پاگل ہیں، حکیم نے پہلا نسخہ مُنْضِجْ  لکھا تھا یعنی جسم کے اندر جو فاسد مواد تھا اس کو پکایا، پھر دوسرا نسخہ مسہل لکھا، اب دست آئے اور فاسد مادہ نکل گیا، پھر تیسرا نسخہ بیماری کا علاج لکھا، اب اس کو پینے سے شفا ہوگی، جب تک فاسد مادے کو نکالیں گے نہیں یہ تیسرا نسخہ کام نہیں کرے گا۔
 دوسری مثال:آپ تانبے کا برتن لے کر قلعی گر کے پاس جاتے ہیں، وہ پہلے برتن کو بھٹی پر رکھتا ہے، اس میں پانی ڈالتا ہے، پانی میں تیزاب ڈالتا ہے، اور چمٹے سے روئی پکڑ کر برتن کو صاف کرتا ہے، پھر اس کو سکھاتا ہے، پھر دوسرے وقت برتن کو آگ پر رکھتا ہے، جب وہ گرم ہوجاتا ہے تو دوچار جگہ قلعی لگاکر، نوشادر بسی ہوئی روئی پھیرتا ہے تو برتن چمک جاتا ہے۔ اگر قلعی گر برتن کے میل کو چھڑائے بغیر قلعی کرے تو قلعی نہیں کھلے گی۔
                یہ مثالیں ہیں، اللہ تعالیٰ بھی اسی طرح احکام بھیجتے ہیں، جیسے شراب چار مرحلوں میں حرام کی ہے۔
                شراب چار مرحلوں میں حرام ہوئی ہے:
 پہلے مرحلہ میں اللہ تعالیٰ نے ایک ایسی آیت اتاری کہ اس نے لمحۂ فکریہ پیدا کردیا۔ سور ہ نحل میں آیت ہے:(وَمِنْ ثَمَرَاتِ النَّخِیْلِ وَالأَعْنَابِ تَتَّخِذُوْنَ مِنْہُ سَکَرًا وَّرِزْقًا حَسَنًا):  انگوروں اور کھجوروں کے پھلوں سے تم سَکر بناتے ہو، سَکر: کھجور کی شراب کو کہتے ہیں، اور رزق حسن بناتے ہو،اور انگور سے جو شراب بنتی ہے،جس کو عربی میں خمر کہتے ہیں، اس کا تذکرہ چھوڑ دیا، خمر کا تذکرہ کیوں چھوڑ دیا؟ اس نے صحابہ کے لئے لمحۂ فکریہ پیدا کیا، اور انھوں نے اس سلسلہ میں سوال کیا تو ایک عرصہ کے بعد دوسری آیت نازل ہوئی: (یَسْئَلُوْنَکَ عَنِ الْخَمْرِ وَالْمَیْسِرِ، قُلْ فِیْہِمَا ِثْم کَبِیْر وَّمَنَافِعُ لِلنَّاسِ): لوگ آپؐ سے خمر اورسٹے کے بارے میں پوچھتے ہیں؟ آپؐ ان سے کہیں: ان دونوں میں بڑا گناہ ہے اور کئی فائدے ہیں،اگر ان میں کوئی فائدہ نہ ہوتا تو لوگ سٹّہ کیوں کھیلتے اورشراب کیوں پیتے! لیکن دونوں میں بڑا گناہ بھی ہے:(وَاِِثْمُہُمَا أَکْبَرُ مِنْ نَّفْعِہِمَا): اور دونوں میں جو خرابی ہے وہ ان کے فائدوں سے بڑھی ہوئی ہے۔ اس سے ذہن بناکہ خرابی اگرچہ ایک ہے، لیکن وہ سو فائدوں سے بڑھی ہوئی ہے۔ سنار کی سو اور لوہار کی ایک والی بات ہے۔
 یہ ذہن بنانے کے بعد تیسری آیت نازل کی کہ نماز کے اوقات میں شراب نہ پیئو، دوسرے اوقات میں پی سکتے ہو:(یٰأَیُّہَا الَّذِیْنَ آمَنُوْا لاَتَقْرَبُوْا الصَّلٰوةَ وَأَنْتُمْ سُکٰرٰی حَتَّی تَعْلَمُوْا مَاتَقُوْلُوْنَ): نشہ کی حالت میں نماز کے قریب مت جاؤ، جب نشہ اتر جائے اور تم جو کچھ منہ سے بول رہے ہو اس کو سمجھنے لگو تب نماز پڑھو۔
  اب ظہر سے ایک ڈیڑھ گھنٹہ پہلے شراب بند کرنی پڑے گی، ظہر کے بعد بھی نہیں پی سکتے، کیونکہ آگے عصر آرہی ہے،عصر کے بعد بھی نہیں پی سکتے، اس لئے کہ آگے مغرب آرہی ہے، مغرب کے بعد بھی نہیں پی سکتے، اس لئے کہ آگے عشاء آرہی ہے۔ اب پینے کے دو ہی وقت بچے، ایک: عشاء کے بعد فجر سے ایک ڈیڑھ گھنٹہ پہلے تک۔ مگر رات میں کون پیتا ہے؟ اور رات میں اٹھ کر بھی کون پیتا ہے؟ دوسرا وقت ہے: فجر کی نماز کے بعد سے ظہر سے ایک ڈیڑھ گھنٹہ پہلے تک۔ لیکن اس وقت اگر کوئی پیئے گا تو جوب( کام) اورشوپ( دوکان) پر کون جائے گا؟ یہ تو کمائی کا وقت ہے، اس وقت میں اگر پی کر پڑجائے گا تو کام کیسے چلے گا؟ لیکن پھر بھی ان دو وقتوں میں پینے کی گنجائش رہی، گویا چوبیس گھنٹوں میں سے آدھا وقت کاٹ دیا۔
   ایک عرصے تک اسی طرح چلتا رہا پھر آخر ی حکم آیا: اے وہ لوگو جو ایمان لائے ہو! خمر اور سٹہ دونوں گندگیاں ہیں، اور شیطانی چرخہ ہیں، شیطان ان کے ذریعہ تمہیں اپنے چکر میں پھنساتا ہے، پس تم ان دونوں سے بچو تاکہ تم کامیاب ہوؤ: (یٰأَیُّہَا الَّذِیْنَ آمَنُوْا ِنَّمَا الْخَمْرُ وَالْمَیْسِرُ وَالأَنْصَابُ وَالأَزْلاَمُ رِجْس مِّنْ عَمَلِ الشَّیْطَانِ فَاجْتَنِبُوْہُ لَعَلَّکُمْ تُفْلِحُوْنَ):چار چیزیں شیطانی چرخہ ہیں: خمر (انگوری شراب) جُوا، بت اور فال کے تیر، ان سے بچو، اگر کامیابی چاہتے ہو۔ جب یہ آیت نازل ہوئی اور حضوﷺ نے صحابہ کو سنائی تو لوگوں نے شراب نالیوں میں بہادی، گھروں میں شراب کاایک قطرہ بھی نہ رہا۔
 حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں: اگر اللہ تعالیٰ پہلے ہی مرحلہ میں یہ آخری آیت نازل فرماتے تو لوگ کہتے: ہم اس پر عمل نہیں کرسکتے! اس لئے ذہن سازی کرکے حرمت کا حکم نازل کیا، چنانچہ لوگوں کے لئے عمل کرنا آسان ہوگیا، اور انھوں نے مٹکے اٹھاکر پھینک دئیے۔ مجھے بتلانا یہ ہے کہ ایک شریعت کے اندر بھی نسخ ہوتا ہے، بعض احکام بالکل اٹھادئیے جاتے ہیں، اور بعض احکام میں تبدیلی کردی جاتی ہے۔
                قرآنِ کریم میں کوئی ایسی آیت نہیں جو اپنے تمام مواد میں منسوخ ہو:
 قرآنِ کریم میں سے جو آیتیں مکمل طور پر منسوخ کردی گئی ہیں: وہ اللہ نے اٹھالی ہیں، یا بھلادی ہیں۔ نسخ کی دو شکلیں ہوتی تھیں: ایک: اللہ تعالیٰ منسوخ آیت اٹھالیتے تھے، دوسری: منسوخ آیت بھلادیتے تھے، حضور اور صحابہ سب اس کو بھول جاتے تھے (سَنُقْرِئُکَ فَلاَ تَنْسٰی ِلاَّ مَاشَاءَ اللّٰہُ): ہم آپؐ کو قرآن پڑھائیں گے، آپؐ اس کا کوئی حرف بھولیں گے نہیں، مگر جس کو منسوخ کرنا ہوتا ہے اس کو اللہ بھلادیتے ہیں۔
آج جو قرآن موجود ہے اس میں کوئی ایسی آیت نہیں ہے جو اپنے تمام مواد میں منسوخ ہو، ہاں ایسی آیات ہیں جو بعض احوال میں معمول بہا ہیں، اور بعض احوال میں منسوخ۔ جیسے مؤلفۃ القلوب کے حصے والی آیت موجود ہے، مگر حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے اس کو موقوف کردیا ہے، منسوخ نہیں کیا، چنانچہ اگر کبھی حالات خراب ہوجائیں، اور دورِ اول جیسے حالات پیداہوجائیں تو زمانے کا امیر المؤمنین اس کو پھر جاری کرسکتا ہے، البتہ مفتی صاحب جاری نہیں کرسکتے، مجتہد نہیں کرسکتا، زمانے کے امیر المؤمنین نے موقوف کیا ہے تو زمانے کا امیر المؤمنین ہی اس کو جاری کر سکتا ہے۔
 ایسی اور بھی آیتیں ہیں، جیسے قرآن میں ہے کہ جب موت کا وقت قریب آئے تو والدین کے لئے اور رشتہ داروں کے لئے وصیت کرو۔ اب یہ حکم نہیں ہے، کیونکہ میراث کے احکام اللہ نے نازل کردئیے ہیں، مگر اب بھی ایسی صورت پیش آسکتی ہے کہ وصیت ضروری ہوجائے، جیسے کسی کو ڈر ہو کہ اس کے بعد بعض ورثاء سب ترکے پر قبضہ کرلیں گے، ماں باپ کو کچھ نہیں دیں گے، یا بعض بیٹے قبضہ کرلیں گے اور بعض کو کچھ نہیں دیں گے تو ایسی صورت میں شریعت کے احکام کے مطابق وصیت نامہ لکھ کر کورٹ میں رجسٹر کرانا ضروری ہے۔ ایسی صورت میں اس آیت پر عمل ہوگا۔
بہرحال قرآنِ کریم میں تو ایسی کوئی آیت نہیں جو اپنے تمام مواد میں منسوخ ہو، ایسی آیتیں یا تو اللہ نے اٹھالی ہیں یا بھلادی ہیں۔
                حدیث کی کتابوں میں منسوخ حدیثیں بھی ہیں:
  لیکن حدیثوں کی ایسی صورت نہیں ہے، پہلے دور کے جو احکام تھے وہ بھی حدیث کی کتابوں میں موجود ہیں، اور بعد میں جو احکام آئے وہ بھی حدیث کی کتابوں میں ہیں۔ پس پہلی قسم کی روایتیں صرف حدیث ہیں، سنت نہیں،اور دوسری قسم کی روایتیں حدیث بھی ہیں اور سنت بھی۔
                وہ روایتیں جو صرف حدیث ہیں، سنت نہیں
  پہلا مادہ افتراقی: تین قسم کی روایتیں صرف حدیث ہیں، سنت نہیں :
   ایک: وہ حدیثیں جو منسوخ ہیں، وہ سنت نہیں ہیں، مسلمانوں کو ان پر نہیں چلنا، بعد میں جو ناسخ احادیث آئی ہیں مسلمانوں کو ان پر چلنا ہے، جیسے حدیث ہے: تَوَضَّئُوْا مِمَّا مَسَّتِ النَّارُ: آگ پرپکی ہوئی چیز کھائی تو وضو ٹوٹ گئی، یہ اعلی درجہ کی صحیح حدیث ہے، مگر بعد میں یہ حکم نہیں رہا، بعد میں نبیﷺ، خلفائے راشدین اور سب صحابہ آگ پر پکی ہوئی چیز کھاتے تھے، اور وضو کئے بغیر نماز پڑھتے تھے، اس لئے حدیث: توضؤا ممامست النارسنت نہیں ۔
 دوسری مثال: پہلے نماز میں آپس میں باتیں کرتے تھے۔ پہلے طریقہ یہ تھا کہ مسبوق اپنی چھٹی ہوئی نماز پہلے پڑھتا تھا، پھر جماعت میں شامل ہوتا تھا۔ وہ آکر نمازی سے پوچھتا کہ کتنی رکعتیں ہوگئیں؟ وہ بتاتا کہ دو ہوگئیں ، وہ تکبیر تحریمہ کہہ کر چھٹی ہوئی رکعتیں پڑھ کر جماعت میں شامل ہوتا ۔ ایک مرتبہ حضرت معاذ بن جبل رضی اللہ عنہ دیر سے آئے، ان کو یہ بات اچھی نہیں لگی کہ نبیﷺالگ نماز پڑھ رہے ہوں اور وہ اپنی چھٹی ہوئی نماز پڑھیں۔ چنانچہ وہ نیت باندھ کر نماز میں شامل ہوگئے، جب حضورﷺنے سلام پھیرا تو وہ اپنی باقی نماز پڑھنے کے لئے کھڑے ہوئے، حضورلوگوں کی طرف متوجہ ہوئے اور آپؐ نے حضرت معاذ کو نماز پڑھتے دیکھا، نماز کے بعد ان سے پوچھا، انھوں نے جواب دیا : یارسول اللہ! مجھے اچھا نہیں لگا کہ میں آپؐ سے الگ نماز پڑھوں، اس لئے میں آپؐ کی نماز میں شامل ہوگیا، اور اب میں نے باقی نماز پوری کی، آپؐ نے فرمایا:اِِنَّ مُعَاذًا سَنَّ لَکُمْ سُنَّةً فَاتَّبِعُوْھا: معاذ نے تمہارے لئے ایک طریقہ رائج کیا ہے، پس تم اس طریقہ کی پیروی کرو، چنانچہ اس دن سے مسبوق کی نماز کا طریقہ بدل گیا۔
  غرض: اسلام کے دورِ اول میں نماز میں اس قسم کی ضروری باتیں جائز تھیں، پھر بعد میں یہ آیت نازل ہوئی:(قُوْمُوْا لِلّٰہِ قَانِتِیْنَ): کھڑے ہوا کرو اللہ کے سامنے عاجز بنے ہوئے۔ حضرت زید بن ارقم رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں: جب یہ آیت اتری تو :نُہِیْنَا عَنِ الْکلاَمِ، وَأُمِرْنَا بِالسُّکُوْتِ: ہمیں نماز میں کلام کرنے سے روک دیا گیا اور چپ رہنے کا حکم دیا گیا۔
   غرض: اس دور کی یہ حدیثیں کہ نمازی نماز میں باتیں کرتے تھے: حدیثیں ہیں، اور حدیث کی کتابوں میں موجود ہیں، مگر وہ سنت نہیں ہیں، مگر اہل حدیث ان پرعمل کرتے ہیں  حرم شریف میں آپ کویہ منظر دیکھنے کو ملے گا کہ ایک عرب شیخ نماز پڑھ رہا ہوگا، موبائل کی گھنٹی بجے گی، وہ جیب سے موبائل نکالے گا، بٹن دباکر نمبر دیکھے گا، پھر کہے گا:أنا فی الصلوة: میں نماز پڑھ رہا ہوں، پھر موبائل جیب میں رکھ لے گا اور نماز پڑھتا رہے گا اور اگر اس سے کچھ کہا جائے تو وہ یہ حدیث پیش کرے گا کہ صحابہ بھی نماز میں باتیں کرتے تھے: میں کیوں نہیں کرسکتا؟
   بہرحال اس طرح کی حدیثیں منسوخ ہوگئی ہیں، مگر وہ حدیث کی کتابوں میںموجود ہیں، پس وہ سنت نہیں ہیں، سنت وہ حکم ہے جو بعد میں آیا ہے، اسی پر مسلمانوں کو چلنا ہے۔ بعد کا حکم کیا ہے؟ حضرت معاویہ بن حکم سُلمی رضی اللہ عنہ کی حدیث ہے وہ نئے مسلمان ہوئے تھے اور آپؐ کے ساتھ نماز پڑھ رہے تھے، نماز میں کوئی چھینکا، اس نے اگرچہ الحمد للہ نہیں کہاتھا مگر حضرت معاویہ نے کہا: یرحمک اﷲ! اللہ تجھ پر رحم کرے! ساتھ والے نے ران پر ہاتھ مارا، اُن کو غصہ آیا ،اور کہا: میں اُس کو دعا دے رہا ہوں اور تو مجھے منع کررہاہے! خیر نماز پوری ہوئی، نبیﷺنے ان کوبلاکر فرمایا:اِنَّ ہٰذِہِ الصَّلَوةَ لاَیَصْلُحُ فِیْھا شَیْٔ مِنْ کَلاَمِ النَّاسِ، ِنَّمَا ھیَ التَّسْبِیْحُ وَالتَّکْبِیْرُ وَالتَّحْمِیْدُ وَقِرَائَۃُ الْقُرْآن: نماز میں لوگوں کی باتوں کی قطعاً گنجائش نہیں، نماز: قراء ت ِ قرآن، تسبیح، تکبیر اور تحمید کا نام ہے، پس یہی سنت ہے، کلام والی حدیثیں سنت نہیں ، کیونکہ وہ منسوخ ہیں۔
                وہ حدیثیں جو نبیﷺکے ساتھ خاص ہیں:
  دوسری قسم: وہ حدیثیں ہیں جو نبیﷺکے ساتھ خاص ہیں، وہ اگرچہ حدیثیں ہیں، مگر سنت نہیں،جیسے نبیﷺکے لئے نکاح کے باب میں چار کی قید نہیں تھی، چنانچہ نبی ﷺکے نکاح میں نو بیویاں جمع ہوئی ہیں، جب حضور کا یہ فعل ہے تو حدیث ہوئی، مگر سنت نہیں ، امت کو جس راستہ پر چلنا ہے وہ یہ ہے کہ چار ہی بیویاں ایک ساتھ جمع ہوسکتی ہیں۔ اور حضور کا فعل حضور کے ساتھ خاص ہے۔ سورئہ احزاب میں ایک لمبی آیت ہے: (یٰأَیُّہَا النَّبِیّ اِنَّا أَحْلَلْنَا لَکَ أَزْوَاجَکَ): اس میں آگے ہے:(خَالِصَةً لَّکَ مِنْ دُوْنِ الْمُؤْمِنِیْنَ): یہ حکم خاص آپؐ کے لئے ہے، مؤمنین کے لئے نہیں ہے:(قَدْ عَلِمْنَا مَافَرَضْنَا عَلَیْہِمْ فِیْ أَزْوَاجِہِمْ وَمَا مَلَکَتْ أَیْمَانُہُمْ): امت کے لئے ان کی بیویوں اور باندیوں کے سلسلے میں جو احکام ہیں وہ ہمیں معلوم ہیں، وہ ہم نے مقرر کئے ہیں، چنانچہ سورئہ نساء کے شروع میں ہے:(فَانْکِحُوْا مَاطَابَ لَکُمْ مِّنَ النِّسَائِ مَثْنٰی وَثُلٰثَ وَرُبَاعَ): پس نکاح کرو تم ان عورتوں سے جو تمہیں پسند ہوں، دو دو سے، تین تین سے اور چار چار سے، امت کے لئے یہی حکم ہے۔
                نکاح میں حضورکے لئے غیر محدود اور امت کے لئے محدود تعداد کیوں ؟
  اورنبیﷺکے لئے غیر محدود نکاح کی اجازت کیوں تھی؟ اور امت کے لئے چار کی تعداد کیوں مقرر کی ؟ اس کی وجہ یہ ہے کہ امت جو ایک سے زیادہ نکاح کرے گی وہ اپنی ضرورت سے کرے گی، یا عورت کی ضرورت سے۔عورت کی ضرورت سے: یعنی اس کی کفالت کے لئے، جنگیں ہوتی ہیں، حادثات پیش آتے ہیں، اورحادثات زیادہ تر مردوں کو پیش آتے ہیں، اور جب مسلسل جنگیں ہوتی ہیں تو بہت سی عورتیں بے سہارا رہ جاتی ہیں، اور بے شمار عورتیں ایسی ہوتی ہیں جن کی کفالت کرنے والا کوئی نہیں ہوتا۔ ایسی صورت میں اگر تعدد ازدواج کی اجازت نہیں ہوگی تو مفاسد کا دروازہ کھل جائے گا، اور عورتیں بھوک مری کا شکار ہونگی، یا حکومت کو ان کی کفالت کرنی پڑے گی، کیونکہ عورتوں کے ذمے شریعت نے کمانا نہیں رکھا۔
                اللہ نے عورتوں پر بھاری ذمہ داری نہیں رکھی!
  کیونکہ عورتیں صنف نازک ہیں، اس لئے اللہ تعالیٰ نے عورتوں پر کوئی بھاری ذمہ داری نہیں رکھی، جیسے کماکر کھانا: بھاری ذمہ داری ہے، چنانچہ جب تک عورت کی شادی نہیں ہوتی: باپ کے ذمہ اس کا خرچہ ہے، شادی کے بعد شوہر کے ذمہ ہے، بیوہ ہوگئی تو دوسرا نکاح کرلے، اور اگر بوڑھی ہوگئی کہ دوسرے شوہر کے قابل نہیں رہی تو اولاد کے ذمہ اس کا خرچہ ہے، اور اولاد نہیں ہے تو ذی رحم محرم کے ذمہ اس کا خرچہ ہے اور اگر وہ بھی نہیں ہے تو اسٹیٹ (حکومت) کے ذمہ اس کا خرچہ ہے۔
    حضرت فاروق اعظم رضی اللہ عنہ نے زندگی کے آخر میں فرمایا تھا: اگر میں ایک سال  زندہ رہا: تو عراق کی بیوہ عورتیں عمر کے علاوہ کسی کی محتاج نہیں رہیں گی، معلوم نہیں آپ کے ذہن میں کیا پلان تھا! اس فرمانے کے تین دن بعد آپ شہید کردئیے گئے۔ اور آج تک وہ نظام نہیں بن سکا۔
    اس سے معلوم ہوا کہ گورنمنٹ کے ذمہ عورتوں کا خرچہ ہے، عورتوں کے ذمہ کمانا نہیں ہے، کیونکہ کماکر کھانا ایک بھاری ذمہ داری ہے۔ ایسے اور بھی مسئلے ہیں، مثلاً: عورتوں کو نبوت کی ذمہ داری نہیں سونپی گئی، کبھی کوئی عورت نبی یا رسول نہیں بنائی گئی، کیونکہ نبوت کا کام  بھاری ذمہ داری ہے۔
   اسی طرح جہاد عورتوں کے ذمہ نہیں رکھا، کیونکہ میدانِ جنگ میں پتے پانی ہوتے ہیں،حتی کہ نفیر عام ہوجائے، اور ہر شخص پر جہاد فرض ہوجائے تب بھی عورتوں پر جہاد فرض نہیں۔
    اسی طرح حکومت چلانا بھی بھاری ذمہ داری ہے، عورت اپنی وضع (نسوانی حالت) باقی رکھتے ہوئے حکومت نہیں چلاسکتی،قتل کے مقدمہ میں عورت کی گواہی معتبر نہیں، کیونکہ گواہی اس وقت دی جاسکتی ہے جب قتل کو گواہ نے اپنی آنکھوں سے دیکھے، اور عورت قتل کے موقعہ پر باہوش نہیں رہ سکتی، اور قتل کا مشاہدہ نہیں کرسکتی۔
  ان مثالوں سے اندازہ ہوگا کہ کوئی بھی بھاری ذمہ داری عورتوں پر نہیں رکھی گئی، انہی بھاری ذمہ داریوں میں سے کماکر کھانا بھی ہے۔پس اگر کسی جنگ کے نتیجہ میں عورتیں بہت ہوگئیں اور مرد کم رہ گئے تو بیواؤں کا کیا ہوگا؟ ان کی کفالت کا مسئلہ پیدا ہوگا،اور حکومت ان کا بوجھ اٹھائے اس سے بہتر یہ ہے کہ مرد ان سے شادی کرلیں، کیونکہ عورت کو صرف روزی روٹی کی ضرورت نہیں ہوتی، عورت کی ایک نفسانی ضرورت بھی ہے جو نکاح ہی سے پوری ہوسکتی ہے۔
   اسی لئے مرد اتنی ہی عورتیں کرسکتا ہے جن کی نفسانی ضرورت پوری کرسکے، اور یہ بات اللہ تعالیٰ ہی بہتر جانتے ہیں کہ ایک مرد کتنی عورتوں کی ضرورت پوری کرسکتا ہے؟ اس لئے اللہ تعالیٰ نے جمہور کا خیال کرکے چار کی تعداد مقرر کردی ۔
تعدد ازدواج مرد کی بھی ضرورت ہے:
   کبھی ایسا ہوتا ہے کہ بیوی کسی ایسی بیماری میں مبتلا ہوتی ہے کہ شوہر کا اس سے ملنا شوہر کے لئے یا بیوی کے لئے تکلیف دہ ہوتاہے، اور ہر مہینے عورت کو حیض آتا ہے، اور ممکن ہے شوہر قوی الشہوت ہو، اور وہ اتنے دنوں صبر نہ کرسکے، اور حمل کے زمانے میں دو تین مہینے ایسے گذرتے ہیں کہ بیوی کا شوہر کی طرف میلان نہیں رہتا، ایسی حالت میں بیوی سے ملنے میں کیا مزہ! پھر بعض مرد نارمل خواہش والے ہوتے ہیں، اور بعض قوی الشہوت، ان کا ایک بیوی سے کام نہیں چلتا، پس ایسی صورت میں مرد کیا کرے گا؟ اگر ایک ہی بیوی ہوگی تومرد ناجائز تعلقات قائم کرے گا۔ اورجن اقوام کے نزدیک تعدد ازدواج جائز نہیں، وہ لوگ معذور بیوی سے پیچھا چھڑانے کے لئے اس کو قتل کردیتے ہیں، اسلام نے بیوی کو قتل سے بچانے کے لئے نکاح ثانی کی اجازت دی ،اور زنا اسلام میں سخت ترین تعزیری جرم ہے، شادی شدہ زنا کرتا ہے تو سنگسار کیا جاتا ہے، اس لئے ضروری ہے کہ اس کے لئے جائز موقع فراہم کیا جائے۔
   غرض: مرد کو اجازت دی ہے، مگر اجازت اس شرط کے ساتھ دی ہے کہ سب بیویوں کے ساتھ انصاف کرسکے، اگر کوئی انصاف نہ کرسکے تو دوسری تیسری بیوی کرنا جائز نہیں، سورئہ نساء میں ہے:(فَاِِنْ خِفْتُمْ أَلاَّ تَعْدِلُوْا فَوَاحِدَةً أَوْ مَامَلَکَتْ أَیْمَانُکُمْ): اگر تمہیں اندیشہ ہو کہ تم چند بیویوں کے ساتھ انصاف نہیں کرسکوگے تو ایک بیوی رکھو، اور اگر ایک کے بھی حقوق ادا نہ کرسکو تو باندیوں سے کام چلاؤ، ایک آزاد عورت سے بھی نکاح مت کرو، ایک سے زیادہ بیویوں کی اجازت انصاف کی شرط کے ساتھ ہے۔
   بہرحال امت جو نکاح کرے گی وہ اپنی ضرورت سے کرے گی، اور ایک آدمی کتنی بیویوں کے حقوق ادا کرسکتا ہے: یہ بات اللہ تعالیٰ کو معلوم ہے: اس لئے ان کے لئے چار کی تعداد مقرر کردی۔
   اور حضورﷺنے جتنے نکاح کئے ہیں ان میں سے دو کے علاوہ کوئی نکاح اپنی ضرورت سے نہیں کیا۔ جب آپکی عمر مبارک پچیس سال کی تھی تب آپؐ نے حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا سے نکاح کیا۔ یہ نکاح آپؐ نے اپنی ضرورت سے کیا تھا، پھر جب ان کا انتقال ہوگیا تو گھریلو ضرورت سے حضرت سودہ رضی اللہ عنہا سے نکاح کیا۔ اس کے بعد ایک نکاح( حضرت عائشہ سے) اللہ نے اور کرایا، مگر وہ بیوی صاحبہ گھر میں نہیں آئیں، یہ نکاح ایک خواب کی بنا پر ہوا تھا، بخاری میں روایت ہے کہ آپؐ نے خواب دیکھا، فرشتہ ایک ریشمی کپڑا لایا، اور آپؐ سے کہا: یارسول اللہ! اس کو کھولیے، آپؐ نے کھولا تو اس میں حضرت عائشہ  نظر آئیں۔ یہ خواب آپؐ نے دو تین مرتبہ دیکھا۔
                نبی کا خواب وحی ہوتا ہے اور اس کی بھی تعبیر ہوتی ہے:
نبی کا خواب وحی ہوتا ہے، اور جیسے ہمارے خوابوں کی تعبیر ہوتی ہے نبی کے خواب کی بھی تعبیر ہوتی ہے۔ حضرت ابراہیم علیہ السلام کو جوحکم ملا تھا کہ حضرت اسماعیل علیہ السلام کو ذبح کریں: وہ حکم خواب کے ذریعہ ملا تھا، انھوں نے خواب دیکھا تھا کہ وہ اپنے بیٹے اسماعیل کی قربانی کررہے ہیں۔ خواب حضرت ابراہیم کی سمجھ میں نہیں آیا، کیونکہ بیٹے کی قربانی کرنے کا رواج نہیں تھا۔ حضرت ابراہیم  نے سو اونٹوں کی قربانی کرکے غریبوں میں ان کا گوشت بانٹا، کیونکہ ایک جان کی دیت سو اونٹ ہوتی ہے، چند دن بعد پھر وہی خواب دیکھا، اب بھی سمجھ میں نہیں آیا، پھر سو اونٹ کی قربانی کرکے غریبوں میں ان کا گوشت بانٹا، چند دن کے بعد پھر وہی خواب دیکھا، اب حضرت سمجھے کہ اس خواب کی تعبیر نہیں ہے، بیٹے ہی کی قربانی مقصود ہے، چنانچہ آپؐ بیت المقدس سے سفر کرکے مکہ مکرمہ پہنچے، اور بیٹے سےکہا(اِنِّیْ أَرَی فِیْ الْمَنَامِ: أَنِّیْ أَذْبَحُکَ) میں خواب میں دیکھتا ہوں کہ میں تمہیں ذبح کررہا ہوں: (فَانْظُرْ مَاذَا تَریٰ):پس بتاؤ تمہاری کیا رائے ہے؟ بیٹے نے کہا:(یٰا أَبَتِ افْعَلْ مَا تُؤْمَرُ، سَتَجِدُنِیْ ِنْ شَائَ اللّٰہُ مِنَ الصَّابِرِیْنَ): ابا جان! آپ کو جو حکم دیا گیا ہے اس کی تعمیل کیجئے، میں ذبح ہونے کے لئے تیار ہوں، آپ مجھے اگر اللہ نے چاہا تو برداشت کرنے والوں میں سے پائیں گے یعنی میں ہمت کرکے ذبح ہونے کی تکلیف برداشت کرلونگا۔ غور کریں: اسماعیل علیہ السلام نے کہا ہے: (اِفْعَلْ مَا تُؤْمَرُ) اس سے معلوم ہوا کہ خواب بھی امر ہے۔
  ایسے ہی حضورﷺکو جو خواب دکھایا گیا تھا اس میں فرشتہ نے اگرچہ صرف اتنا کہا تھا کہ ہذہ زوجتک: یہ آپ کی اہلیہ ہیں، مگر وہ امر( حکم) تھا، چنانچہ حضورنے فرمایا:ان کان من اﷲ یُمْضِہِ: اگر یہ بات اللہ کی طرف سے طے ہے تو اللہ تعالیٰ اس کی کوئی شکل کریں گے۔
    اُدھر حضرت ابوبکر رضی اللہ عنہ اپنے طور پر سوچ رہے تھے کہ وہ اپنی چھوٹی بیٹی کا نکاح حضورﷺسے کردیں، کیونکہ حضرت سودہ زیادہ دنوں کی مہمان نہیں تھیں،اس لئے چند سالوں کے بعد جب وہ نہیں رہیں گی یا بوڑھی ہوکر شوہر کے کام کی نہیں رہیں گی تو عائشہ بالغ ہوکر حضور کا گھر سنبھال لیں گی۔
    چنانچہ حضرت ابوبکر نے پیش کش کی، اور آپؐ چونکہ کئی مرتبہ خواب دیکھ چکے تھے، اس لئے ان کی پیش کش منظورکرلی، یوں آپؐ کا حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے نکاح ہو گیا۔ حضور نے یہ نکاح اپنی ضرورت سے نہیں کیا تھا۔
   اور یہ بات ذہن میں رکھیں کہ کنواریوں میں سے صرف حضرت عائشہ سے حضورنے نکاح فرمایا ہے، اِن کے علاوہ کسی کنواری لڑکی سے حضور نے نکاح نہیں کیا، اور اس نکاح کے فوائد بعد میں ظاہر ہوئے،انھوں نے آدھا دین حضور سے اخذ کیا ۔
   پھر ہجرت کا زمانہ آگیا، ہجرت کے دو سال بعد تک حضرت سودہ ہی آپؐ کے گھر کو سنبھالے رہیں، پھر جب حضرت عائشہ بالغ ہوگئیں تو وہ رخصت ہوکر آپؐ کے گھر میں آگئیں، یہ اس وقت کی بات ہے جب آپ کی عمر پچپن سال کی ہوچکی تھی، اور زندگی کے صرف آٹھ سال باقی رہ گئے تھے، انہی آخری آٹھ سالوں میں آپؐ نے باقی نکاح کئے ہیں، پس اگر کسی کے پاس معمولی عقل بھی ہے تو وہ سمجھ سکتا ہے کہ یہ شوق کا زمانہ نہیں، بلکہ کسی مصلحت سے آپؐ نے یہ نکاح کئے ہیں۔
    وہ مصلحت کیا تھی؟ تین مصلحتوں سے آپؐ نے یہ نکاح کئے ہیں: سیاسی، ملّی اور شخصی ) تینوں مصلحتوں کی تفصیل اسی حصہ میں کسی اور تقریر میں آچکی ہے اس لئے یہاں سے حذف کی ہے)
   غرض:جب مذکورہ مصلحتیں تھیں توحد کیسے مقرر کی جاتی؟ اور نبی معصوم ہوتا ہے، اس لئے یہ اندیشہ نہیں تھا کہ آپؐ کسی بیوی صاحبہ کی حق تلفی کریں گے، اس لئے نکاح کے باب میں آپؐ کے لئے کوئی حد مقرر نہیں کی گئی۔
                غیر مقلدوں کے نزدیک نکاح میں کوئی تحدید نہیں!
یہ مثال میں نے اس لئے دی ہے کہ جب آپﷺکا یہ عمل ہے اور آپؐ کے نکاح میں چار سے زیادہ ازواج جمع ہوئی ہیں تو یہ حدیث ہوئی، چنانچہ اہل حدیث اس حدیث پر عمل کرتے ہیں، ان کے نزدیک امت کے لئے بھی نکاح کے باب میں کوئی تحدید نہیں، نواب صدیق حسن خان صاحب بھوپالی کے لڑکے نواب نور الحسن خان صاحب نے عَرْف الجادی میں یہ مسئلہ صراحۃ لکھا ہے، حالانکہ یہ حدیث سنت نہیں ہے، امت کا اجماع ہے کہ امت کے لئے چار سے زیادہ بیویاں جمع کرنا جائز نہیں۔
اصل مضمون یہ چل رہا تھا کہ تین قسم کی حدیثیں ہیں، جو سنت نہیں ہیں، ان میں سے دوکا بیان ہوچکا: وہ حدیثیں جو منسوخ ہیں، اور وہ حدیثیں جو نبی پاکﷺ کے ساتھ خاص ہیں: حدیثیں ہیں، مگر سنت نہیں ۔ اب تیسری قسم بیان کرتا ہوں۔
تیسری قسم:نبیﷺنے کسی مصلحت سے کوئی بات فرمائی یا کوئی عمل کیا تووہ حدیث ہے مگر سنت نہیں، اس کی پانچ مثالیں سنیں،اور اتنی مثالیں اس لئے پیش کررہا ہوں کہ یہ مسائل سمجھنے ضروری ہیں۔
                مغرب سے پہلے نفلیں پڑھنا سنت نہیں
پہلی مثال: بخاری شریف میں ایک باب ہے:باب الصلاة قبل المغرب (کتاب التہجد باب 35 حدیث1183): نبینے فرمایا مغرب سے پہلے نفلیں پڑھو، یہ بات دو مرتبہ فرمائی، پھر تیسری مرتبہ : لِمَنْ شاء بڑھایا یعنی مغرب سے پہلے کوئی نفلیں پڑھنا چاہے تو پڑھ سکتا ہے، راوی کہتے ہیں: آپؐ نے لمن شاء اس لئے بڑھایا کہ لوگ اس کو سنت نہ بنالیں:کراھیةَ أَنْ یَّتَّخِذَھا النَّاسُ سُنَّةً: اس بات کو ناپسند کرتے ہوئے کہ لوگ اس نماز کو سنت بنالیں۔ اس سے معلوم ہوا کہ حدیث اور سنت الگ الگ چیزیں ہیں، اور ارشاد پاک: صَلُّوا قبلَ صلاةِ المغرب مسئلہ سمجھانے کے لئے ہے۔ عصر کے فرض پڑھنے کے بعد جو نفلوں کی ممانعت ہے وہ غروبِ شمس تک ہے، سورج چھپتے ہی کراہیت ختم ہوجاتی ہے، اب کوئی نفلیں پڑھنا چاہے تو پڑھ سکتا ہے، مگر اس وقت میں نفلیں پڑھنا سنت نہیں ، نبیﷺنے مغرب سے پہلے کبھی نفلیں نہیں پڑھیں ، چاروں خلفاء نے بھی نہیں پڑھیں۔
اوراگر کوئی کہے کہ جب مغرب کی اذان ہوتی تھی تو صحابہ ستونوں کی آڑ لے کر نفل پڑھتے تھے تو اس کا جواب یہ ہے کہ یہ دور ما بعد کا واقعہ ہے، اور صحابہ کے عمل سے جواز ثابت ہوتا ہے، اور یہ جواز توخود حضورؐ کے ارشاد سے بھی ثابت ہوتا ہے، اور جواز میں کوئی کلام نہیں، اگر مغرب کے فرضوں میں تاخیر نہ ہو ،اور کوئی نفلیں پڑھے تو بلاشبہ جائز ہے مثلاً: رمضان میں اذان کے دس منٹ کے بعد نماز کھڑی ہوتی ہے، پس کوئی کھجور سے افطار کرکے نفلیں پڑھے: تو پڑھے، لیکن اگر اس کو سنت بنالیا جائے تو پھر پورے سال پندرہ منٹ کے بعد مغرب کی نماز کھڑی ہوگی، جو سنت کے خلاف ہے، مغرب کی نماز میں جلدی کرنا مطلوب ہے
کھڑے ہوکر پیشاب کرنا سنت نہیں
دوسری مثال: نبیﷺنے زندگی میں ایک مرتبہ ایک قوم کی کوڑی پر کھڑے ہوکر پیشاب فرمایا :یہ حدیث ہے، مگر سنت نہیں،یہ دینی طریقہ نہیں، آپؐ ہمیشہ بیٹھ کر پیشاب فرماتے تھے، اور وہی سنت ہے۔
پھر حضورؐنے کھڑے ہوکر پیشاب کیوں فرمایا؟ مسئلہ کی وضاحت کے لئے۔ کبھی انسان کو ایسی مجبوری پیش آتی ہیں کہ بیٹھ نہیں سکتا، مثلاً کوڑی ہے، گندگی کی جگہ ہے، ایسی مجبوری میں کھڑے ہوکر پیشاب کرنا جائز ہے، یا کسی بیماری کی وجہ سے بیٹھ نہیں سکتا: تب بھی یہی حکم ہے۔ بیل کی طرح کھڑے کھڑے موتنا سنت کے خلاف ہے، یہ غیروں کا طریقہ ہے۔
  پھر سنت کیا ہے؟ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں:مَنْ حَدَّثَکُمْ أَنَّ النبیَّ صلی اﷲ علیہ وسلم کَانَ یَبُوْلُ قَائِمًا فَلاَ تُصَدِّقُوْہُ، مَاکَانَ یَبُوْلُ ِلاَّ قَاعِدًا:اگر تم سے کوئی بیان کرے کہ آپؐکی عادت شریفہ کھڑے ہوکر پیشاب کرنے کی تھی تو ہرگز اس کی بات نہ ماننا، آپؐ ہمیشہ بیٹھ کر ہی پیشاب فرمایا کرتے تھے۔
 ایک لطیفہ:
  نیویارک کی ایک مسجد میں ایک غیر مقلد حدیث کی تعلیم کررہا تھا، اس نے یہی کھڑے ہوکر پیشاب کرنے کی روایت بیان کی، اور کہا: کھڑے ہوکر پیشاب کرنا سنت ہے، اس حدیث سے یہ بات صراحۃ ثابت ہوتی ہے۔ مجمع میں سے ایک شخص نے سوال کیا: یہ سنت صرف مردوں کے لئے ہے یا عورتوں کے لئے بھی ہے؟ بس اس کی سِٹّی گم ہوگئی!
                حیض کے زمانے میں بیوی کو ساتھ لٹانا سنت نہیں:
تیسری مثال: ایک مرتبہ نبیﷺنے حیض کے زمانہ میں حضرت عائشہ سے فرمایا: لنگی باندھ کر میرے ساتھ لیٹ جاؤ۔ یہ مسئلہ کا بیان تھا،سنت نہیں ہے۔ واقعہ یہ پیش آیا تھا کہ آپؐ اور حضرت عائشہ ساتھ لیٹے ہوئے تھے، رات میں حضرت عائشہ  کا حیض شروع ہوا، وہ چپکے سے کھڑی ہوگئیں، ایسے موقعہ پر عورتیں روئی لنگوٹ وغیرہ باندھتی ہیں، آپؐ کی آنکھ کھل گئی، آپؐ نے پوچھا: کیا ماہواری شروع ہوگئی؟ انھوں نے کہا: ہاں یارسول اللہ! آپؐ نے فرمایا: جوکپڑے باندھنے ہیں وہ باندھ لو ، پھر لنگی پہن کر میرے ساتھ لیٹ جاؤ، کیونکہ رات آدھی ہوگئی ہے، گھر میں کوئی چراغ نہیں ہے، مسجد نبوی میں چراغ نہیں جلتا تھا: گھر میں چراغ کہاں سے آتا! اس لئے آپؐ نے فرمایا: لنگی باندھ کر میرے ساتھ لیٹ جاؤ۔
  یہ زندگی میں ایک مرتبہ کا واقعہ ہے اور مسئلہ کا بیان ہے، سنت نہیں ہے۔ جب حضرت عائشہ یہ واقعہ بیان کرتیں تو ساتھ ہی یہ بھی کہتیں :وَأَیُّکُمْ یَمْلِکُ أَرَبَہ: تم میں سے کون اپنی خواہش پر کنڑول کرسکتا ہے؟ یعنی اس کو سنت سمجھ کر حالت ِ حیض میں بیوی کو ساتھ نہ لٹاؤ، ورنہ گناہ میں مبتلا ہوجاؤگے۔
                حالت ِ حیض میں بیوی سے کتنا قریب ہوسکتے ہیں؟
اور وہ مسئلہ کیا ہے جس کی آپؐ نے اپنے عمل سے وضاحت فرمائی ہے؟ جواب: حیض کے بارے میں قرآنِ کریم میں آیت ہے:(وَیَسْئَلُوْنَکَ عَنِ الْمَحِیْضِ، قُلْ ہُوَ أَذَیً فَاعْتَزِلُوْا النِّسَائَ فِیْ الْمَحِیْضِ وَلاَ تَقْرَبُوْہُنَّ حَتّٰی یَطْہُرْنَ): لوگ آپؐ سے حیض کے بارے میں پوچھتے ہیں، آپ بتلائیں کہ حیض کی حالت تکلیف دہ حالت ہے، اس گندگی کی حالت میں صحبت کرنا سوزاک کی بیماری پیدا کرتا ہے، اور اس زمانے میں صحبت کرنے سے بیوی کو بھی تکلیف ہوتی ہے، اس لئے حیض کی حالت میں عورتوں سے علاحدہ رہو، اور ان کے نزدیک مت جاؤ، یہاں تک کہ وہ پاک ہوجائیں۔
  اب اس کی وضاحت ضروری ہے کہ کتنا علاحدہ رہنا ضروری ہے ،اور کتنا نزدیک جانا جائز ہے، اور کہاں تک جانے پر پابندی ہے؟ جب یہ آیت نازل ہوئی تو یہودیوں کا طریقہ یہ تھا کہ وہ حیض کے زمانہ میں عورت کو علاحدہ کمرہ دیتے تھے، اس کے کمرے میں شوہر نہیں جاتا تھا، حائضہ کے ہاتھ کا پکا ہوا بھی کوئی نہیں کھاتا تھا، آج بھی یہود کا یہی طریقہ ہے، چنانچہ صحابہ نے پوچھا: یارسول اللہ! آپؐ نے ہمیں حکم دیا ہے کہ یہود کی مخالفت کرو، پس کیا ہم حالت ِ حیض میں بیوی سے صحبت نہ کریں؟ تاکہ ان کی پوری مخالفت ہوجائے، اس پر یہ آیت ِ کریمہ نازل ہوئی ،اور اس میں حکم دیا کہ حیض کے زمانے میں عورتوں سے علاحدہ رہو، اور جب تک وہ پاک نہ ہوجائیں: ان کے نزدیک مت جاؤ۔ اب اس اجمال کی وضاحت ضروری تھی، چنانچہ نبیﷺنے مختلف طرح سے اس آیت کی تفسیر بیان کی:
 ١ـ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا حالت ِ حیض میں ہوتی تھیں اور آپؐاور حضرت عائشہ ایک ہی پلیٹ میں کھاتے تھے، معلوم ہوا کہ اتنا قریب جاسکتے ہیں۔
 ٢ـ حضرت عائشہ نے گوشت کی بوٹی آدھی کھائی ہوتی تھی: باقی ان کے ہاتھ سے لے کر آپؐ نوش فرماتے تھے، معلوم ہوا کہ اتنا نزدیک جانا بھی جائز ہے، اُس بوٹی پر حضرت عائشہ کا لعاب لگا ہواہوتا تھا اور اس بوٹی کو آپؐ نوش فرماتے تھے، معلوم ہوا کہ حائضہ کا تھوک پاک ہے، اور جب تھوک پاک ہے تو پسینہ بھی پاک ہے۔ 
٣ـ آپؐ اعتکاف میں ہوتے تھے، مسجد میں بیٹھے ہوئے سر حجرے میں نکال دیتے تھے، حضرت عائشہ نیچے برتن رکھ کر سر مبارک دھوڈالتی تھیں، پھر بال خشک کرکے تیل ڈال کر گنگھا کردیتی تھیں اور وہ حالت حیض میں ہوتی تھیں، معلوم ہوا کہ بیوی حالت ِ حیض میں شوہر کی یہ خدمت بھی کرسکتی ہے۔
 ٤ـاور مذکورہ واقعہ میں حضور نے فرمایا:لنگی باندھ کر میرے ساتھ آکر لیٹ جاؤ، چنانچہ امام اعظم رحمہ اللہ کے نزدیک مسئلہ یہ ہے کہ حیض کے زمانہ میں ناف سے گھٹنے تک بدن کو کپڑے کی آڑ کے بغیر ہاتھ لگانا جائز نہیں، کیونکہ اس سے زیادہ نبی ﷺ نزدیک نہیں ہوئے۔
                 بچے کو گود میں لے کر نماز پڑھنا سنت نہیں!
چوتھی مثال: ایک مرتبہ جب تکبیر ہوئی تو نبیﷺاپنی نواسی کو گود میں لئے ہوئے گھر  سے تشریف لائے، اور اس بچی کو گود میں اٹھائے ہوئے پوری نماز پڑھائی: جب سجدہ کرتے تھے تو بچی کو نیچے بٹھادیتے تھے، اگلی رکعت میں پھر اس کو گود میں لے لیتے تھے، آپؐ نے زندگی میں صرف ایک مرتبہ یہ عمل کیا ہے، اور یہ بھی مسئلہ کی وضاحت کے لئے تھا۔ کیا آپؐکے گھروں میں اس بچی کو دس منٹ کے لئے کوئی رکھنے والا نہیں تھا؟ ضرور تھا، مگر آپؐ بالقصد بچی کو لے کر آئے تھے اور اس کے ساتھ نماز پڑھا کر دکھائی تھی، کیونکہ بعض دفعہ ایسے حالات پیش آتے ہیں: آدمی کبھی ایسی جگہ ہوتا ہے جہاں بچہ کو بٹھاکر نماز پڑھے گا تو درندہ اس کوپھاڑ کھائے گا، یا اغوا کرنے والے اچک لے جائیں گے، ایسی صورت میں آدمی کیا کرے؟ بچے کو گود میں لے کر نماز پڑھے ! نماز قضاء نہ کرے، اور کبھی گھر میں ایسا ہوتا ہے کہ بچہ کسی وجہ سے ڈر جاتا ہے، ماں سے جدا نہیں ہوتا، جدا کرتی ہے تو روتا ہے، اور گھر میں کوئی دوسرا رکھنے والا نہیں: ایسی صورت میں کیاماں نماز قضا کرے گی؟ نہیں! بچے کو گود میں اٹھاکر نماز پڑھے گی۔ مگر شرط یہ ہے کہ بچے کا بدن اور کپڑے پاک ہوں۔
  غور کرو! حضورﷺنے ایک عمل کرکے ماؤں کے لئے کتنا بڑا راستہ کشادہ کردیا! اب اگر کوئی کہے کہ یہ سنت ہے اور وہ چھوٹے بچے کو گود میں لے کر نماز پڑھے تو اس سے کہا جائے گا کہ یہ سنت نہیں ہے، یہ عمل تو مسئلہ کی وضاحت کیلئے کیاتھا، پس یہ حدیث ہے، سنت نہیں ۔
                ناسمجھ بچوں کو مسجد میں لانا ممنوع ہے:
  یہاں( کناڈا، یوروپ اور امریکہ میں) لوگ چھوٹے بچوں کو مسجد میں لے کر آجاتے ہیں، اور چھوڑ دیتے ہیں، وہ صفوں میں دوڑتے پھرتے ہیں، اور لوگوں کی نماز خراب کرتے ہیں، حالانکہ ابن ماجہ وغیرہ میں حدیث ہے:جَنِّبُوْا مَسَاجِدَکُمْ صِبْیَانَکُمْ: اپنی مسجدوں کو اپنے( ناسمجھ) بچوں سے بچاؤ، جب تک بچے پاکی ناپاکی کو نہ سمجھیں اور مسجد کا احترام نہ جانیں: بچوں کو مسجد میں لانا منع ہے، لوگ یہ حدیث پیش کرتے ہیں، ان کو معلوم ہونا چاہئے کہ یہ عمل مسئلہ کی وضاحت کے لئے تھا، سنت نہیں تھا۔
                 سنت کی کسوٹی صحابہ کا عمل ہے:
 سوال: ہم کیسے جانیں کہ حضورؐنے یہ جوعمل کیا ہے، وہ مسئلہ نہیں ہے، مصلحت ہے، اس کے پہچاننے کے لئے کسوٹی کیا ہے؟
جواب: کسوٹی صحابہ کا عمل ہے، صحابہ نے اس پر عمل کیا ہے یا نہیں؟ اگر کیا ہے تو وہ سنت ہے، ورنہ وہ عمل کسی مصلحت سے ہے، آپؐ صحابہ کا پورا دور دیکھیں، کسی صحابی نے کھڑے ہوکر پیشاب نہیں کیا اور ایک واقعہ بھی ایسا نہیں کہ کسی صحابی نے حالت ِ حیض میں بیوی کو ساتھ لٹایا ہو، اور کبھی بھی کسی صحابی نے بچے کو گود میں لے کر مسجد میں آکر نماز نہیں پڑھی ہو۔ صحابہ سے زیادہ سنتوں کا عاشق کون تھا؟اگر یہ اعمال سنت ہوتے تو صحابہ ضرور ان پر عمل کرتے۔ پس یہ اس بات کی کسوٹی ہے کہ یہ حدیثیں: محض حدیثیں ہیں، سنت نہیں ہیں۔ اور آپؐکے یہ سب اعمال کسی مصلحت سے ہیں۔
                زور سے آمین کہنا حنفیہ کے نزدیک سنت نہیں:
پانچویں مثال: اُنہی مصلحتوں میں سے ایک مصلحت: تعلیم امت بھی ہے، جب حضرت وائل بن حُجر رضی اللہ عنہ مدینہ منورہ تشریف لائے تو بیس دن ٹھہرے ہیں، اور ساٹھ جہری نمازیں آپؐکے پیچھے پڑھی ہیں، ان میں سے تین نمازوں میں آپؐنے زور سے آمین کہی ہے، یہ جہر حضرت وائل کی تعلیم کے لئے تھا، پس یہ بھی حدیث ہے، سنت نہیں۔
  اس کی تفصیل یہ ہے کہ حضرت وائل یمن کے نواب زادے تھے، جب حضرت معاذ رضی اللہ عنہ وہاں گورنر بناکر بھیجے گئے، اور انھوں نے دعوت کا کام شروع کیا تو حضرت وائل مسلمان ہوگئے، ایک تو وہ بڑے آدمی تھے، دوسرے وہ خود سمجھ دار تھے، حضرت معاذ نے ان کو مشورہ دیا کہ مدینہ جاؤ، اور حضورﷺسے ملو، حضورؐتمہیں دیکھ کر خوش ہونگے، چنانچہ وہ یمن سے مدینہ آئے، جب تین دن کی مسافت پر رہ گئے تووحی سے آپؐ کواطلاع ملی، آپؐ نے صحابہ کو خوش خبری سنائی، چنانچہ سارا مدینہ منتظر تھا کہ کوئی نواب زادہ مسلمان ہوکر آرہا ہے، پھر جب وہ مدینہ پہنچے تو نبیﷺ نے مسجد سے نکل کر ان کا استقبال کیا ،اور ان کو خوش آمدید کہا، پھر ان کو اپنے ساتھ لائے، اور اپنی چادر بچھاکر اس پر بٹھایا۔
   حضرت وائل  بیس دن حضورؐکے پاس رہے ہیں، ان بیس دنوں میں آپؐ نے ان کے نماز پڑھنے کے لئے اپنے پیچھے پہلی صف میں جگہ متعین کردی تھی، وہ کہتے ہیں: جب نبی ﷺ نے پڑھا:(غَیْرِ الْمَغْضُوْبِ عَلَیْہِمْ وَلاَ الضَّالِّیْنَ): تو آمین کہی، اور آمین کے ساتھ اپنی آواز کھینچی، یعنی زور سے آمین کہی، آگے روایت میں ہے:سَمِعْتُہُ وَأَنَا خَلْفَہُ: میں نے آپؐکی آمین سنی، درانحالیکہ میں آپؐ کے پیچھے تھا، اس سے اندازہ کیا جاسکتا ہے کہ کتنی زور سے آمین کہی ہوگی، آج کل زور سے آمین کہنے والے دو غلطیاں کرتے ہیں: ایک: چلاکر آمین کہتے ہیں، حالانکہ حضورؐنے اتنی زور سے آمین کہی تھی کہ پہلی صف میں حضرت وائل نے سن لی تھی، لوگ اسی حدیث کی بناء پر زور سے آمین کہتے ہیں، پس اتنی ہی آواز سے آمین کہیں ۔ دوسری غلطی یہ کرتے ہیں کہ آمین کے الف کو کھینچتے ہیں، اللہ جانے وہ کونسا مد کرتے ہیں، اس کو صرف ایک الف کے بقدر کھینچنا چاہئے۔
   بہرحال میں یہ بتارہا تھا کہ حضرت وائل کہتے ہیں: حضورﷺنے آمین کہی اور میں نے پہلی صف میں سنی، اور ایک روایت میں ہے کہ آپؐ نے ثلاثاً آمین کہی،ثلاثاً کا ظاہر مطلب یہ ہے کہ آپؐ نے تین دفعہ آمین کہی، مگر حافظ ابن حجر رحمہ اللہ نے فتح الباری میں لکھا ہے کہ ثلاثاً  کا یہ مطلب نہیں ہے، بلکہ تین نمازوں میں جہراً آمین کہی، بیس دن کی جہری نمازیں ساٹھ ہوتی ہیں، ان میں سے صرف تین نمازوں میں جہراً آمین کہی ہے، اور دُولابی کی کتاب الاسماء والکُنٰی میں روایت ہے: حضرت وائل کہتے ہیں:مَاأُرَاہُ ِلاَّ لِیُعَلِّمَنَا: جہاں تک میرا خیال ہے آپؐ نے زور سے آمین مجھے سکھلانے کے لئے کہی تھی، اس سے معلوم ہوا کہ آپؐ کا جہراً آمین کہنا ایک خاص مصلحت سے تھا، پس اس سے بھی صرف جواز ثابت ہوتا ہے، سنت ہونا ثابت نہیں ہوتا۔
   بہرحال مضمون یہ چل رہا تھا کہ حدیث اور سنت میں عام خاص من وجہ کی نسبت ہے، اور جہاں یہ نسبت ہوتی ہے وہاں تین مادے ہوتے ہیں، ایک مادہ افتراقی کا بیان ہوچکا کہ تین قسم کی روایتیں حدیثیں ہیں، سنت نہیں ہیں: ایک: وہ حدیثیں جو منسوخ ہیں، دوسری: وہ حدیثیں جو نبی پاکﷺکے ساتھ خاص ہیں، تیسری: وہ حدیثیں جن میں حضورؐنے کوئی ارشاد فرمایا ہے یا کوئی عمل کیا ہے، کسی مصلحت سے یا کوئی مسئلہ سمجھانے کے لئے۔
                خلفائے راشدین کی سنت کی پیروی کا حکم
دوسرا مادہ افتراقی:اور کچھ چیزیں سنت ہیں، مگر حدیث نہیں ، وہ خلفائے راشدین کی سنتیں ہیں،نبی پاکﷺنے ارشاد فرمایا ہے: عَلَیْکُمْ بِسُنَّتِیْ وَسُنَّةِ الْخُلَفَاءِ الرَّاشِدِیْنَ الْمَھدِیِّیْنَ، تَمَسَّکُوْا بِھََا، وَعَضُّوْا عَلَیْھََا بِالنَّوَاجِذِ: میری سنت مضبوط پکڑو، اور میرے بعد میرے جو جانشیں آئیں گے ان کی سنت مضبوط پکڑو۔
یہاں کسی کے ذہن میں سوال پیدا ہو سکتا ہے کہ اللہ کے نبی تو اللہ کے نبی ہیں، گفتۂ او گفتۂ اللہ بود، آپؐ کا فرمایا ہوا تو اللہ کا فرمایا ہوا ہے، مگر یہ خلفائے راشدین کون سے نبی ہیں کہ ان کی سنت کی پیروی کی جائے؟
اس لئے آگے فرمایا کہ ان کی سنت کی پیروی اس لئے ضروری ہے کہ وہ راشد ہوں گے، راشدکے معنی ہیں: راہ یاب، اور فرمایا: وہ مہدی ہونگے، مہدی کے معنی ہیں: ہدایت مآب، یعنی ہدایت ان کی گھٹی میں پڑی ہوئی ہوگی۔
   یہ بنیاد ہے ان کی سنت کی پیروی کرنے کی، اور ہم جو ائمہ کی تقلید( پیروی) کرتے ہیں اس کی بھی یہی بنیاد ہے، اور غلطی کا احتمال اگر ابوحنیفہ و شافعی میں ہے تو ابوبکر وعمر وعثمان وعلی میں بھی ہے، لیکن غلطی کے احتمال کے باوجود خلفائے راشدین کی سنت کی پیروی ضروری ہے پس اسی بنیاد پر مجتہدین کی پیروی بھی ضروری ہے، ابو حنیفہ کی پیروی عالم دین ہونے کی وجہ سے ہے، قرآن وحدیث کا کامل علم رکھنے کی وجہ سے ہے، چنانچہ امام اعظم کا قول مذہب میں موجود ہوتا ہے، مگر دلائل سے وہ قوی نہیں ہوتا تو امام صاحب کا قول چھوڑ دیا جاتا ہے، اور صاحبین کے قول پر فتوی دیا جاتا ہے، معلوم ہوا کہ پیروی دلائل کی کی جاتی ہے، محض قول کی پیروی نہیں کی جاتی۔
 پھر مذہب ِ حنفی کیوں کہتے ہیں؟جواب: یہ ایک رمزی نام ہے، ایک مکتب فکر کا نام ہے، معین شخص مراد نہیں، چنانچہ آج نئے مسائل میں مفتی صاحبان جوفتوے دیتے ہیں وہ بھی مذہب ِ حنفی میں شامل ہوتے ہیں۔
  بہرحال مجتہدین کی پیروی بھی اسی بنیاد پر ہے جس بنیاد پر خلفائے راشدین کی سنت کی پیروی کا حکم ہے۔
    پھر فرمایا: تَمَسَّکُوْا بِھََا: بھما نہیں فرمایا، یعنی میرے خلفاء کی سنت کو مضبوط پکڑو، مفرد کی ضمیر ہے، اور ضمیر قریب مرجع کی طرف لوٹتی ہے، پس ھَاکا مرجع سنۃ الخلفاء ہے، کیونکہ حضورﷺکی سنت کو تو ہر مسلمان قبول کرے گا، وہ تو اللہ کے نبی ہیں، اور اللہ کی طرف سے کہہ رہے ہیں۔ لیکن خلفائے راشدین کی سنتوں کو غیر مقلد نہیں مانتے، وہ کہتے ہیں: خلفائے راشدین کونسے انبیاء ہیں؟ اس لئے حضورؐنے تاکید فرمائی کہ خلفائے راشدین کی سنتوں کو بھی مضبوط پکڑو، پھر مزیدتاکید فرمائی: عَضُّوْا عَلَیْہَا بِالنَّوَاجِذِ: ان کو ڈاڑھوں سے مضبوط پکڑو۔ خلفائے راشدین کی یہی سنتیں سنت ہیں، مگر حدیث نہیں ہیں۔       
خلفائے راشدین کی سنتوں کو مضبوط پکڑنے کا حکم کیوں ہے؟
   نبی پاکﷺکے زمانہ تک قومی حکومت( نیشنل گورنمنٹ) قائم ہوئی تھی، بین الاقوامی حکومت( انٹرنیشنل گورنمنٹ) قائم نہیں ہوئی تھی، چنانچہ نیشنل حکومت کے احکام  حضورﷺنے بیان فرمائے ، مگر انٹرنیشنل حکومت کے احکام بیان نہیں فرمائے ۔ اگر ابھی وہ احکام بیان کئے جاتے تو وہ قبل از وقت ہوتے اور قبل از وقت بیان کئے ہوئے احکام سمجھ میں نہیں آتے، اور سمجھے بغیر یاد بھی نہیں رکھے جاسکتے۔
   جیسے آج کل کلونک (قلم لگانے) کا مسئلہ چل رہا ہے، اگر حضورؐاس کے احکام بیان کرتے تو صحابہ کیسے سمجھتے؟ آج مولوی بھی نہیں سمجھتے کہ کلونک کیا چیز ہے؟ اسی طرح اگر حضورؐانٹرنیشنل حکومت کے احکام بیان فرماتے تو صحابہ کیسے سمجھتے؟ اور نہ سمجھتے تو یاد کیسے کرتے؟ اور امت تک کیسے پہنچاتے؟ کیونکہ مسئلہ وقت پر ہی سمجھ میں آتا ہے، اور وقت پر ہی بیان کیا جاتا ہے۔
   انٹرنیشنل حکومت حضرت عمر رضی اللہ عنہ کے زمانے میں قائم ہوئی، اور جب بین الاقوامی حکومت قائم ہوتی ہے تو ملک میں مختلف مذاہب اور مختلف قومیں آبادہوجاتی ہیں، اور ملت بھی بہت وسیع ہوجاتی ہے، اس لئے ملک وملت کو منظم کرنے کے لئے جو احکام خلفائے راشدین نے جاری کئے ہیں ان کو مضبوط پکڑنا ضروری ہے، اور ان دو معاملوں کے علاوہ وضو، نماز اور روزے وغیرہ کے مسائل میں خلفائے راشدین کی رائیں امت کے دیگر مجتہدین کی رایوں کی طرح ہیں، ان میں ضروری نہیں کہ خلفائے راشدین کی جو رائیں ہیں: وہ سب لی جائیں، یہ بات بعد کے مجتہدین کے اختیار پر موقوف ہے۔
                 وہ روایتیں جو حدیثیں بھی ہیں اور سنت بھی:
  اور مادہ اجتماع: وہ سب روایتیں ہیں جو معمول بہا ہیں، وہ حدیث بھی ہیں اور سنت بھی، اور ایسی روایتیں بے شمار ہیں ، پس ثابت ہوا کہ حدیث اور سنت ایک نہیں، دونوں میں فرق ہے۔ مگر ایک فرقہ جو خود کو اہل حدیث کہتا ہے، وہ کوئی بھی حدیث مل جائے: اس پر عمل کرنے کے لئے تیار رہتا ہے، چنانچہ ان کے یہاں نکاح چار میں منحصر نہیں، آدمی جتنے چاہے نکاح کرسکتا ہے، اور دلیل یہ دیتے ہیں کہ حضورؐکے نکاح میں نوبیویاں تھیں۔ اور نبیﷺنے حضرت غیلان ثقفی کو جو حکم دیا تھا کہ چار سے زائد بیویوں کو الگ کرو: اس روایت کے بارے میں کہتے ہیں کہ وہ ضعیف روایت ہے، اور غیر مقلدین کے نزدیک ضعیف روایت: موضوع روایت کے ہم  پلّہ ہوتی ہے۔
    ضعیف روایات موضوعات کے ہم پلہ نہیں:
حالانکہ ضعیف :حدیث ہے اور موضوع توحدیث ہی نہیں۔ موضوع: وہ بات ہے جو لوگوں نے گڑھ کر حضور کے نام لگائی ہے، جیسے:أَوَّلُ مَاخَلَقَ اللّٰہُ نُوْرِیْ: سب سے پہلے اللہ نے میرا نور پیدا کیا۔ یہ حدیث قطعاً باطل ہے۔ یہ حدیث زرقانی کی مواہب لدنیہ میں ہے، اور زرقانی نے مصنف عبد الرزاق کا حوالہ دیا ہے، یہ کتاب گیارہ جلدوں میں چھپ چکی ہے، میں نے گیارہ طلباء کو ایک ایک جلد دے کر بٹھایا کہ اس کا ایک ایک حرف پڑھو، اور تلاش کرو یہ حدیث کہاں ہے؟ مصنف عبد الرزاق میں طلباء کو یہ حدیث نہیں ملی، اور مواہب لدنیہ میں یہی ایک حوالہ ہے، اور عجلونی کی کشف الخفاء میں بھی یہ حدیث زرقانی ہی کے حوالہ سے نقل کی ہے، اور کوئی حوالہ نہیں دیا۔ اور سعید زَغلول نے موسوعہ اطراف الحدیث میں کشف الخفاء ہی کا حوالہ دیا ہے، رزقانی کا حوالہ نہیں دیا۔
   یہ حدیث اس طرح ہے: آپؐ نے حضرت جابررضی اللہ عنہ سے فرمایا: اللہ تعالیٰ نے تمام چیزیں پیدا کرنے سے پہلے تیرے نبی کا نور اپنے نور سے پیدا کیا، پس وہ نور اللہ کی قدرت سے جہاں اللہ نے چاہا گھومتا رہا، اور اس وقت نہ لوح تھی، نہ قلم، نہ جنت، نہ جہنم، نہ فرشتے، نہ آسمان، نہ زمین، نہ دوزخ، نہ چاند، نہ جنات، نہ انسان۔ پھر جب اللہ نے مخلوقات کو پیدا کرنے کا ارادہ کیا تو اس نور کے چار حصے کئے، پہلے جزء سے قلم، دوسرے جزء سے لوح، تیسرے سے عرش پیدا کیا، اور چوتھے حصہ کے پھر چار حصے کئے، پہلے حصہ سے حاملین ِ عرش، دوسرے سے کرسی، تیسرے سے باقی فرشتے پیدا کئے، پھر چوتھے جزء کے چار حصے کئے، اول سے آسمان، ثانی سے زمینیں، ثالث سے جنت وجہنم پیدا کیں، پھر چوتھے حصہ کے چار حصے کئے، اول سے مؤمنین کی آنکھوں کی روشنی، ددم :سے ان کے دلوں کا نور یعنی اللہ کی معرفت ، سوم سے ان کی انسیت کا نور یعنی توحید: لا لٰہ لا اﷲ: محمد رسول اﷲ کو بنایا ( ابھی حدیث اور بھی ہوگی، کشف الخفا میں اتنی ہی نقل کی ہے)
  اس حدیث کوپڑھنے سے اندازہ ہوتا ہے کہ یہ حدیث نہیں ہے، گھڑی ہوئی بات ہے، اور اس سے وحدت الوجود کے نظریہ کی تائید ہوتی ہے، ایسی حدیثیں موضوع کہلاتی ہیں، یہ حدیثیں نہیں،پس حدیث اور موضوع: متن کی صفتیں ہیں، جو بات نبیﷺنے فرمائی ہے: وہ حدیث ہے، اور جو لوگوں نے آپؐ کے نام لگائی ہے: وہ موضوع ہے۔
  اور وہ حدیثیں جو حضورؐہی نے فرمائی ہیں، ان کی تین قسمیں ہیں: صحیح، حسن اور ضعیف۔ یہ متن کی صفتیں نہیں ہیں، بلکہ سند کی صفتیں ہیں، یعنی نبی پاکﷺسے وہ حدیثیں جو مصنّفین کتب تک پہنچی ہیں وہ کیسے راویوں کے توسط سے پہنچی ہیں؟ اگر سب راوی اعلی درجہ کے ہیں تو وہ حدیث : صحیح ہے، اور اگر کوئی راوی خفیف الضبط ہے تو وہ حدیث: حسن ہے، اور اگر کوئی راوی کمزور ہے تو وہ حدیث ضعیف ہے۔
                البانی صاحب کا کارنامہ
اور جب سے حدیثیں کتابوں میں لکھنے کا سلسلہ شروع ہوا ہے : صحیح، حسن اور ضعیف تینوں قسموں کو ایک ہی کتاب میں جمع کیا جاتا تھا، اور موضوع کے لئے الگ کتابیں لکھی جاتی تھیں، اور چونکہ سند کے اعتبار سے درجے ہوگئے ہیں، اس لئے فقہاء نے مسائل اخذ کرنے کے اعتبار سے بھی درجے قائم کئے ہیں، اگر کسی مسئلہ میں صحیح حدیث بھی ہے اور حسن بھی تو فقہاء پہلے صحیح کو لیتے ہیں۔ اور اگر کسی مسئلہ میں صحیح حدیث بھی ہے اور ضعیف بھی تو فقہاء صحیح کو لیتے ہیں، ضعیف کو نہیں لیتے۔ اسی طرح حسن اور ضعیف جمع ہوجائیں تو حسن کو لیں گے، ضعیف کو نہیں لیں گے، اور اگر کسی مسئلہ میں صرف ضعیف روایت ہو تو دیکھیں گے کہ ضعف کیسا ہے؟ محتمل یعنی قابل برداشت ہے تو چاروں فقہاء اس سے مسائل میں استدلال کرتے ہیں، وہ کہتے ہیں: جب مختلف سندوں سے کوئی حدیث آئے تو وہ حسن لغیرہ اور قابل استدلال ہوجاتی ہے، جیسے صلاة التسبیح کی کوئی حدیث صحیح نہیں، سب ضعیف ہیں، مگر گیارہ حدیثیں ہیں، پس سب مل کر حسن لغیرہ ہوجائیں گی، اور اس سے صلوة التسبیح کا استحباب ثابت ہوگا، چنانچہ دور اول سے صلاة التسبیح مسلمان پڑھتے چلے آرہے ہیں۔ اور اگر ضعف قابلِ برداشت نہ ہو، اور سند ایک ہی ہو تو فضائل اعمال میں وہ روایت معتبر ہے، مسائل اس سے ثابت نہیں کئے جاتے۔
   بہرحال چاروں فقہاء کے نزدیک صحیح، حسن اور ضعیف: حدیثیں ہیں،اور اپنے اپنے درجے میں معمول بہا ہیں۔ اب ایک صاحب آتے ہیں: جناب ناصر الدین البانی صاحب، انھوں نے حدیث کی کتابوں میں سے پہلے ضعیف روایتوں کو الگ کیا، ضعیف ابی داؤد، ضعیف جامع صغیر، ضعیف مشکوٰة وغیرہ کتابیں لکھیں۔ پھر انھوں نے ان سب ضعیف حدیثوں کو موضوع حدیثوں کے ساتھ ملادیا، اور کئی جلدوں میں کتاب لکھی: سلسلة الأحادیث الضعیفة والموضوعة وأثرھا السَّیِّٔ فی الأمة: یعنی ضعیف اور موضوع روایات کا مجموعہ جن سے امت کو سخت نقصان پہنچاہے۔ اس طرح عرب ممالک کے نوجوانوں کا اور آپ کے یورپ اور امریکہ کے جوانوں کا ایک ذہن بنادیا کہ ضعیف حدیث :موضوع حدیث ہے، جب بھی کوئی حدیث ان کے خلاف پیش کی جائے گی تو فوراً کہیں گے:ھذا حدیث ضعیف،اور مراد لیں گے کہ یہ حدیث موضوع ہے، یہ حدیث ہی نہیں ۔ یہ کارنامہ جناب عالی نے انجام دیاہے، اور ساری امت کا ذہن خراب کردیا ہے، عرب ممالک میں اگرچہ البانی کی اس حرکت کے ازالہ کے لئے محنتیں ہورہی ہیں، مگر وہ کتابیں آپ کے ملکوں تک نہیں پہنچی ہیں، اس لئے یہاں البانی صاحب نے جوانوں کو جو زہر پلایا ہے اس کا ازالہ کرتے ہوئے دو سوسال لگیں گے۔
   غرض صحیح بھی حدیث ہے، حسن بھی حدیث ہے اور ضعیف بھی حدیث ہے، مگر حجت سنت ہے، حدیث حجت نہیں، اسی طرح خلفائے راشدین نے ملک وملت کی تنظیم کے لئے جو طریقے رائج کئے ہیں وہ اگرچہ حدیثیں نہیں ہیں، مگر سنت ہیں، اور حجت ہیں۔ اب میں خلفائے راشدین کی سنتوں کی ایک ایک مثال پیش کرتاہوں:
                 حضرت ابوبکر رضی اللہ عنہ کی سنت:
جب حضرت ابوبکر رضی اللہ عنہ خلیفہ ہوئے تو جزیرة العرب میں لوگ تین طرح کے تھے، ایک: مسیلمۂ  کذاب کے ساتھی تھے، ان سے حضرت خالد بن الولید رضی اللہ عنہ نے لوہا لیا، اور ان کو کیفرکردار تک پہنچایا۔ دوسرے: مسلمان :جوبڑی تعدادمیں تھے۔ تیسرے: وہ لوگ جو مسلمان تھے مگر انھوں نے کہا کہ ہم اپنی زکوٰتیں سنٹرل گورنمنٹ کو نہیں دیں گے، ہم اپنے قبیلہ کی زکوٰتیں وصول کرکے خود تقسیم کریں گے، یہ مانعینِ زکات کہلاتے ہیں، ان کی تعداد تھوڑی تھی۔ حضرت صدیق اکبر نے کہا: میں ان کے ساتھ جنگ کروں گا، حضرت عمر نے کہا: یہ لوگ مسلمان ہیں، ان کے ساتھ جنگ کیسے جائز ہے! حدیث ہے: أُمِرْتُ أَنْ أقاتل الناس یعنی مجھے حکم دیا گیا ہے کہ میں لوگوں سے اس وقت تک لڑوں جب تک کہ وہ مسلمان نہ ہوجائیں، پھر جب انھوں نے کلمۂ اسلام پڑھ لیا تو انھوں نے ہم سے اپنی جانیں اور اپنے اموال محفوظ کرلئے، اب ان سے جنگ جائز نہیں، حضرت ابوبکر نے فرمایا: نہیں! میں ان سے جنگ کروں گا، اگر وہ نبیﷺکے زمانہ میں زکات میں رسّی دیتے تھے: وہ بھی نہیں دیں گے تو میں ان سے لڑونگا، اور ان کو مجبور کرونگا کہ وہ زکات مرکزی حکومت کو دیں۔ مگر پھر جنگ کی نوبت نہیں آئی، وہ لوگ قائل ہوگئے، اور انھوں نے سنٹرل گورنمنٹ کوزکوٰة بھیجنی شروع کردی۔
  اب مسئلہ طے ہوگیا کہ جو چیزیں شعائر ِ اسلام سے ہیں، اگرچہ وہ سنت کے درجے کی چیزیں ہوں، اگر مسلمانوں کی کوئی جماعت بالاتفاق ان شعائر کو ترک کردے تو ان کے ساتھ جنگ کی جائے گی، اور ان کو مجبور کیا جائے گاکہ وہ شعائر اسلام قائم کریں۔ جیسے ختنہ: اصح قول کے مطابق سنت ہے، لیکن اگر کسی علاقہ کے مسلمان طے کرلیں کہ وہ ختنہ نہیں کرائیں گے تو اسلامی حکومت ان کے ساتھ جنگ کرے گی اور ان کو ختنہ کرنے پر مجبور کرے گی۔اسی طرح اذان سنت ہے لیکن اگر کسی علاقہ کے لوگ طے کردیں کہ وہ اذان نہیں دیں گے تو حکومت ان کے ساتھ جنگ کرے گی اور ان کو اذان دینے پر مجبور کرے گی، یہ سب مسائل حضرت ابوبکر رضی اللہ عنہ کی اس سنت سے طے ہوئے۔ علاوہ ازیں حضرت ابوبکر نے اپنے بعد خلیفہ نامزد کرنے کا جو طریقہ اختیار کیا ہے: وہ بھی آپ کی سنت ہے۔
                 حضرت عمر رضی اللہ عنہ کی سنتیں:
حضرت عمر رضی اللہ عنہ کی سنتیں تو بے شمار ہیں، انھوں نے بہت سے مسائل طے کئے ہیں، تراویح کے ذریعہ ملت کی تنظیم کی ہے، اور ایک مجلس یا ایک لفظ سے دی ہوئی تین طلاقیں، جبکہ تاکید کی نیت نہ ہو: تین قرار دے کر چور دروازہ بند کردیا ہے،یہ ملت کی تنظیم ہے۔ اور عراق جو لڑکر فتح کیا گیاتھا اس کی زمینیں مجاہدین میں تقسیم نہ کرنا اور ذمیوں پر جزیہ کی جو شرح مقرر کی ہے یہ سب ملک کی تنظیم ہے۔
                 حضرت عثمان رضی اللہ عنہ کی سنتیں:
 حضرت عثمان رضی اللہ عنہ نے دو زبردست کام کئے ہیں، ایک: جمعہ کی اذان بڑھائی ہے، یہ ملت کی تنظیم ہے۔دوسرا: امت کو لغت قریش پر جمع کیاہے، یہ بھی ملت کی تنظیم ہے۔
   قرآن قریش کی لغت میں نازل ہوا تھا، پھر اسے متعدد طرح سے پڑھنے کی اجازت دی گئی تھی، چنانچہ لوگ مختلف طرح سے پڑھتے بھی تھے اور مختلف طرح سے لکھتے بھی تھے، حضرت عثمان کے زمانے میں مسلمانوں میں اس سلسلہ میں اختلافات شروع ہوئے ۔حضرت عثمان نے قرآن کی جو اصل تحریریں تھیں وہ منگوائیں اور قریش کی زبان میں جو قرآن نازل ہوا تھا، اور جس کو نبیﷺنے لکھوایا تھا اور ملاحظہ بھی فرمایا تھا، اُس لغت میں متعدد قرآن تیار کراکر پورے ملک میں پھیلادئیے اور حکم دیا کہ اس کے علاوہ جو بھی قرآن لکھے گئے ہیں وہ مدینہ میں بھیج دئیے جائیں، آپ نے ان سب کو جلوادیا۔ اور جو سات طرح سے قرآن پڑھنے کی اجازت تھی اس کو موقوف کردیا، جیسے حضرت عمر نے مؤلفة القلوب کا حصہ موقوف کردیا  تھا، یہ حضرت عثمان کی سنتیں ہیں۔
                حضرت علی رضی اللہ عنہ کی سنت
حضرت علی رضی اللہ عنہ کے زمانے میں مسلمان آپس میں لڑے، پہلی لڑائی حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کے ساتھ ہوئی، اس جنگ میں حضرت عائشہ  اونٹ پر سوار تھیں، اس لئے وہ جنگ جمل کہلاتی ہے، اس جنگ میں حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا ہاریں، اور قیدی پکڑے گئے، حضرت عائشہ بھی قیدیوں میں تھیں، مالِ غنیمت بھی جمع ہوا، پس حضرت علی کی فوج نے مطالبہ کیا کہ مالِ غنیمت تقسیم کیا جائے، حضرت علی نے تقریر فرمائی، اور فرمایا: اگر مالِ غنیمت تقسیم ہوگا تو قیدی بھی غلام باندی بنائے جائیں گے، پس تم میں سے کون منحوس ہے جو اپنی ماں حضرت عائشہ صدیقہ کو اپنی باندی بنائے گا؟ بس سناٹا چھاگیا، اور مسئلہ طے ہوگیا کہ اگر مسلمانوں کی دو جماعتیں آپس میں لڑیں تو نہ مال: مالِ غنیمت ہوگا، اور نہ قیدی، غلام باندی بنائے جائیں گے۔ یہ حضرت علی کی سنت ہے، اور یہ خلفائے راشدین کے وہ طریقے ہیں جو ملک وملت کی تنظیم سے تعلق رکھتے ہیں، جن کو حدیث شریف کی رو سے اپنانا ضروری ہے۔
                حدیث یا سنت کا فیصلہ کون کرے گا؟
 بہرحال حجت سنت ہے، حدیث حجت نہیں، اب رہا یہ سوال کہ اس کا فیصلہ کون کرے گاکہ فلاں حدیث سنت ہے، اور فلاں حدیث سنت نہیں؟ اس کا جواب یہ ہے کہ اس کا فیصلہ مجتہدین کریں گے، اور اس میں کبھی اختلاف بھی ہوجاتا ہے۔
   مثلاً: تمام فقہاء متفق ہیں کہ آگ پر پکی ہوئی چیز کھانے سے وضوء نہیں ٹوٹتی، پس حدیث توضئوا ممامست النار: صرف حدیث ہے، سنت نہیں، اور تمام فقہاء متفق ہیں کہ مجامعت شروع ہوتے ہی غسل واجب ہوجاتا ہے، چاہے فراغت نہ ہوئی ہو، پس حدیث الماء من الماء صرف حدیث ہے، سنت نہیں ۔
   اور نماز میں رفع یدین کی بھی حدیثیں ہیں اور ترک رفع کی بھی۔ اب بڑے دو امام کہتے ہیں : رفع یدین کی حدیثیں منسوخ ہیں، اس لئے سنت ترک رفع ہے۔ اور دوسرے دو اماموں کا فیصلہ اس کے برعکس ہے، ایسا ہی اختلاف آمین بالجہر کی حدیث میں ہواہے۔ دو بڑے امام کہتے ہیں: آپؐ کا جہر حضرت وائل رضی اللہ عنہ کی تعلیم کے لئے تھا، اس لئے سنت نہیں ، اور دوسرے دو امام جہراً آمین کہنے کو سنت قرار دیتے ہیں ۔ اور ایسے ہی اختلاف کی صورت میں تقلید کی ضرورت پیش آتی ہے۔
                تقلید صرف تین قسم کے مسائل میں ہے، اور ان میں تقلید کے بغیر چارہ نہیں:
اور ائمہ کی تقلید صرف تین قسم کے مسائل میں کی جاتی ہے، باقی ساری شریعت میں کسی کی تقلید نہیں کی جاتی، اللہ اور اس کے رسول ہی کی تقلید کی جاتی ہے، اور ان تین قسم کے مسائل میں تقلید کے علاوہ چارہ نہیں۔ اور وہ تین قسم کے مسائل فقہ کے بیس فیصد مسائل ہیں۔
وہ تین قسم کے مسائل یہ ہیں:
 ١ـ کبھی نص فہمی میں اختلاف ہوجاتا ہے کہ اِس آیت کا اوراِس حدیث کا کیا مطلب ہے؟ ایک امام کہتا ہے: یہ مطلب ہے، دوسرا کہتا ہے: یہ مطلب ہے، اور زبان کی رو سے دونوں مطلب ہوسکتے ہیں تو تقلید کے علاوہ چارہ نہیں رہتا۔
 ٢ـ کبھی ناسخ ومنسوخ متعین کرنے میں اختلاف ہوجاتا ہے، یعنی کونسی روایت مقدم ہے اور کونسی مؤخر: اس میں اختلاف ہوجاتا ہے۔
 ٣ـ کبھی مسئلہ استنباطی ہوتا ہے، نص کی تہ میں جاکر مسئلہ لانا ہوتا ہے ،اور اس میں اختلاف ہوجاتا ہے۔ سب کی مثالیں یہ ہیں:
                نص فہمی میں اختلاف کی مثالیں:
   پہلی مثال: قرآنِ کریم میں ہے:(أَوْلاَ مَسْتُمُ النِّسَاءَ): یا تم نے عورتوں سے قربت کی ہو۔ اس آیت میں وضوء توڑنے والی چیز کا ذکر ہے یا غسل توڑنے والی چیز کا؟ قرآنِ کریم میں لاَمَسَ:باب مفاعلہ سے ہے، لَمَسَ: مجرد نہیں ہے، لَمَسَ کے معنی ہیں: چھونا، اور لاَمَسَ کے معنی ہیں: دو شخصوں میں سے ہر ایک کا دوسرے کوچھونا۔
  امام اعظم رحمہ اللہ فرماتے ہیں: اس آیت میں موجباتِ غسل کا بیان ہے، لاَمَسَ باب مفاعلہ  سے ہے، اور ایک ساتھ مرد عورت کوپکڑے اور عورت مرد کو پکڑے: ایسا کب ہوتا ہے؟ جب آدمی صحبت کرتا ہے اور فراغت کا وقت آتا ہے تو مرد بیوی کوپکڑتا ہے اور بیوی مرد کو، اور دونوں فارغ ہوتے ہیں۔ پس جب انزال ہوگیا تو غسل واجب ہوگیا۔ غرض امام ابو حنیفہ رحمہ اللہ کے نزدیک(لاَمَسْتُمُ النِّسَاءَ) میں نواقض غسل کا بیان ہے۔
  اور دوسرے تین اماموں کے نزدیک لاَمَسَ: لَمَسَ کے معنی میں ہے اور اس آیت میں نواقض وضوء کا بیان ہے، وہ کہتے ہیں: اگر باوضوء آدمی نے کسی عورت کو ہاتھ لگایا تو وضوء ٹوٹ گئی۔ اور عربی زبان کے قواعد سے دونوں معنی کی گنجائش ہے، ہر ایک کی بات معقول نظر آتی ہے، پس یہ نص فہمی کا اختلاف ہے۔   
  دوسری مثال: اسی آیت کا اگلا ٹکڑا ہے: (أَوْجَاءَ أَحَد مِنْکُمْ مِنَ الْغَائِطِ): یا آیا ہوتم میں سے کوئی نشیبی جگہ سے( تو وضوء ٹوٹ جائے گی) اب فقہاء میں اختلاف ہوا، امام ابو حنیفہ رحمہ اللہ نے فرمایا: جب آدمی نشیبی جگہ میں جاتا ہے تو انسان کے بدن سے ناپاکی نکلتی ہے، پس سر سے پیر تک کہیں سے بھی ناپاکی نکل کر بہہ جائے :تو وضوء ٹوٹ جائے گی۔ دوراہوں کی کوئی تخصیص نہیں۔ اور تین اماموں نے کہا: نشیبی جگہ میں ناپاکی اگلی راہ سے یا دونوں راہوں سے نکلتی ہے، باقی جسم سے نہیں نکلتی، اس لئے انھوں نے طے کیا کہ سبیلین سے ناپاکی نکلے گی تووضوء ٹوٹے گی، ورنہ نہیں۔ چنانچہ ان کے نزدیک قئی، نکسیر، پھوڑے پھنسی سے پیپ یا خون نکلنے سے وضوء نہیں ٹوٹتی۔
   جب ایسا اختلاف ہوجائے تو ہم کیا کریں ؟ جس کو جس امام سے عقیدت ہو اس کی تقلید کرے، ایسی صورت میں تقلید کے علاوہ راستہ کیا ہے؟ ہمارے پاس اتنا علم نہیں کہ ہم خود فیصلہ کریں کہ آیت کا یہ مطلب ہے یا وہ۔
   تیسری مثال: نبی پاکﷺنے فرمایا:صَلاَةُ اللَّیْلِ مَثْنٰی مَثْنٰی، فَِذَا خِفْتَ الصُّبْحَ فَأَوْتِرْ بِرَکْعَةٍ: رات کی نماز( تہجد کی نماز) دو دو،دو دو رکعتیں ہیں، پس جب تمہیں اندیشہ لاحق ہو کہ صبح صادق ہونے والی ہے توایک رکعت کے ذریعہ نماز کو طاق بناؤ
اس حدیث میں دو مسئلوں میں اختلاف ہوا ہے:
   پہلا اختلافی مسئلہ: تہجد کی نماز میں ہر دو رکعت پر سلام پھیرنا مسئلہ ہے یا یہ تہجد گذاروں کے لئے سہولت ہے؟ امام ابو حنیفہ رحمہ اللہ کہتے ہیں: یہ تہجد گذاروں کے لئے ایک سہولت ہے، مسئلہ نہیں ہے۔
    مسئلہ کیا ہے: مسئلہ اختلافی ہے کہ نفلوں میں دو پر سلام پھیرنا اولیٰ ہے یا چار پر؟ امام شافعی اور امام احمد رحمہما اللہ کہتے ہیں: خواہ رات کے نفل ہوں یا دن کے ( اور سنت مؤکدہ بھی نفل ہیں) دو رکعتوں پر سلام پھیرنا اولیٰ ہے، اور اگر کوئی ایک سلام سے چار پڑھے تو یہ بھی جائز ہے، البتہ دو رکعت پر سلام پھیرنا اولیٰ ہے۔
اور امام مالک فرماتے ہیں: رات میں ایک سلام سے چار رکعتیں پڑھنا جائز ہی نہیں، او ر دن میں اولیٰ یہ ہے کہ دوپر سلام پھیرے،اور چار ایک سلام سے جائز ہیں۔
اور صاحبین نے فرمایا کہ رات میں دوپر سلام پھیرنا اولیٰ ہے، اور دن میں چار نفلیں ایک سلام سے پڑھنا افضل ہے۔
اور امام اعظم رحمہ اللہ نے فرمایا: رات کے نفل ہوں یا دن کے: چار ایک سلام سے پڑھنا افضل ہے، اور دوپر سلام پھیرنا جائز ہے۔
اور امام اعظم کی دو دلیلیں ہیں:
ایک:دن میں بھی فرض نماز چار رکعتوں والی ہے( ظہر اور عصر) اور رات میں بھی فرض نماز چار رکعتوں والی ہے( عشاء) اور فرائض غیر اولیٰ ہیئت پر نہیں ہوسکتے، بہترین حالت پر ہی فرائض ہوتے ہیں۔ پس ایک سلام سے چار نفلیں پڑھنا اولیٰ ہے۔
  دوسری دلیل: نبیﷺسے دن میں چار رکعتیں ایک سلام سے پڑھنا ثابت ہے، حضور ظہر سے پہلے چار سنتیں ہمیشہ ایک سلام سے پڑھتے تھے، اور کبھی عصر سے پہلے بھی چار سنتیں ایک سلام سے پڑھتے تھے، اور نبی کبھی مسئلہ کی وضاحت کے لئے توغیر اولیٰ کام کرسکتا ہے، جیسے آپؐ نے ایک مرتبہ کھڑے ہوکر پیشاب فرمایا ، مگر نبی بالدوام یا بالاکثر غیر اولیٰ کام نہیں کرتا، اور حضورؐنے دن میں چار سنتیں ہمیشہ یا اکثر ایک سلام سے پڑھی ہیں، اس لئے یہی افضل ہے، اور رات کے نفلوں کو دن کے نفلوں پر قیاس کریں گے، پس رات میں بھی چار رکعتیں ایک سلام سے پڑھنا افضل ہے۔
اور حضورؐنے جو فرمایا ہے:صلاةُ اللیل مثنیٰ مثنیٰ: امام اعظم رحمہ اللہ کہتے ہیں: یہ مسئلہ نہیں ہے ،مصلحت ہے، یہ تہجد گذاروں کے لئے ایک سہولت ہے۔
صحابہ تہجد کی نماز بہت لمبی پڑھتے تھے، پس اگر چار کی نیت باندھیں گے تو تھک جائیں گے، اس لئے فرمایا: دو کی نیت باندھو اور لمبی پڑھو، پھر سلام پھیر کر ذرا ٹانگیں سیدھی کرو، اور سستا لو،پھر اگلی دو کی نیت باندھو۔ اس طرح اگر کوئی رات بھر بھی نفلیں پڑھتا رہے تو تھکے گا نہیں۔
بہرحال حدیث کے پہلے ٹکڑے میں اختلاف ہوا ہے، امام اعظم کی رائے اور ہے، اور صاحبین کی اور، اوردیگر ائمہ کی اور۔ اور سب حضرات اس حدیث سے استدلال کرتے ہیں، پس ایسی صورت میں تقلید کے علاوہ راستہ کیا ہے؟
   دوسرا اختلافی مسئلہ: حدیث کا اگلا ٹکڑا ہے:اِِذَا خِفْتَ الصُّبْحَ فَأَوْتِرْ بِرَکْعَةٍ: جب تمہیں اندیشہ لاحق ہو کہ اب صبح ہونے والی ہے تو ایک رکعت کے ذریعہ نماز کو طاق بناؤ۔ اس کا کیا مطلب ہے؟ تین امام کہتے ہیں: اب دو رکعتوں پر سلام پھیر دو، اور ایک رکعت علاحدہ پڑھو، ایک رکعت کے ذریعہ طاق بنانے کا یہی مطلب ہے، چنانچہ ان کے نزدیک دوپر سلام پھیرتے ہیں ، اور ایک رکعت الگ سلام سے پڑھتے ہیں۔
 اور احناف کہتے ہیں: اس حدیث کا یہ مطلب نہیں ہے، بلکہ مطلب یہ ہے کہ جب تمہیں صبح کا اندیشہ لاحق ہو تو اب دو کی نیت مت باندھو، بلکہ تین کی نیت باندھو، اور دو کے ساتھ تیسری رکعت بھی ملاؤ، یہ آخری تین رکعتیں طاق ہوگئیں، اِس سے پہلے والی سب رکعتیں جفت تھیں۔
 اور حنفیہ کے نزدیک اس حدیث کا یہ مطلب اس لئے ہے کہ نسائی شریف میں سند صحیح سے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کی روایت ہے کہ نبیﷺوتروں کی دو رکعتوں پر سلام نہیں پھیرتے تھے۔اس حدیث کی روشنی میں حنفیہ نے مذکورہ بالا حدیث کا مطلب سمجھا ہے۔
   احناف کے نزدیک أوتر برکعة:ایک رکعت کے ذریعہ نماز طاق بناؤ کا یہی مطلب ہے کہ اس سے پہلے والی دو رکعتوں کو طاق بناؤ، غرض یہی حدیث حنفیہ کی بھی دلیل ہے اور تین اماموں کی بھی، اور اختلاف نص فہمی کا ہے۔ اب ہم کیا کریں ؟ ہمارے لئے ایک ہی راستہ ہے: جس کو جس امام سے عقیدت ہو اس کی تقلید کرے۔
                روایات میں بھی اختلاف اور تطبیق میں بھی اختلاف:
دوسری قسم کے مسائل: کبھی روایات میں بھی تعارض ہوتا ہے، اور ان کی تطبیق میں بھی اختلاف ہوجاتا ہے، یعنی ناسخ ومنسوخ کی تعیین میں اختلاف ہوجاتا ہے، جیسے حدیث کی کتابوں میں رفع یدین کی روایات بھی ہیں اور عدم رفع کی بھی، یہ دونوں روایتیں ایک زمانہ کی نہیں ہوسکتیں۔ اب ان میں سے کونسی دور اول کی ہیں اور کونسی دور مابعد کی؟ یہ طے کرنے میں ائمہ میں اختلاف ہوگیا، بڑے دو امام کہتے ہیں: رفع والی روایتیں دورِ اول کی ہیں، اور عدم رفع والی روایتیں بعد کی ہیں، اور چھوٹے دو امام کہتے ہیں: عدم رفع والی روایتیں دور ِ اول کی ہیں اور رفع والی بعد کی۔ غرض ناسخ ومنسوخ طے کرنے میں اختلاف ہوگیا، پس ہم کیا کریں ؟ یہی کہ جس کو جس امام سے عقیدت ہو اس کی تقلید کرے۔
 اور بڑے دو اماموں کی دلیل یہ ہے کہ خلفائے راشدین نے رفع یدین نہیں کیا۔ اگر رفع یدین نبیﷺکا آخری عمل ہوتا تو چاروں خلفاء رفع ضرور کرتے، ایسا ممکن نہیں کہ خلفاء آپؐ کے مصلیٰ پر کھڑے ہوتے ہی آپؐ کا عمل بدل دیں۔
                استنباطی مسائل میں اختلاف:
 تیسری قسم کے مسائل:استنباطی مسائل ہیں۔موتی دریا کی تہ میں ہوتے ہیں، اوپر نہیں تیرتے، اور موتی ہر کوئی نہیں نکال سکتا، غواص( غوطہ خور) ہی نکال سکتا ہے۔ ایسے ہی استنباطی مسائل ہیں: جو قرآن وحدیث کی ظاہری سطح پر نہیں ہیں، بلکہ تہ میں ہیں: ان کو کون نکالے گا؟ مجتہدین امت نکالیں گے، مگر ان میں کبھی اختلاف ہوجاتا ہے، ایسی صورت میں تقلید( پیروی) کے علاوہ راستہ کیا ہے؟ میں اس کی ایک مثال دیتا ہوں:
 آیت ِ وضو میں پانچ استنباطی مسائل اور ان میں اختلاف
   قرآنِ کریم میں آیت ِ وضو ء ہے، اس آیت میں وضوء کا جو طریقہ بیان کیا گیا ہے: دنیا کے تمام مسلمان اسی طرح وضوء کرتے ہیں، لیکن اس آیت میں پانچ استنباطی مسائل ہیں، جن میں اختلاف ہواہے:
 پہلا مسئلہ: یہ ہے کہ وضوء میں نیت ضروری ہے یا نہیں؟ امام شافعی رحمہ اللہ کے نزدیک  ضروری ہے۔ دوسرے ائمہ کے نزدیک: ضروری نہیں، اور اس کی صرف نادر صورت ہے: ایک آدمی کھیت میں ہل چلارہا تھا، بارش شروع ہوگئی اور وہ سر سے پیر تک بھیگ گیا، اب نماز کا وقت آگیا، تو کیا نماز پڑھنے کے لئے اُس کو وضوء کرنی پڑے گی یا وہ جو بھیگا ہے اس سے وضوء ہوگئی؟امام شافعی رحمہ اللہ فرماتے ہیں: اس سے وضوء نہیں ہوئی، اس لئے کہ اس نے نیت نہیں کی، اور دوسرے ائمہ کہتے ہیں: اس کی وضوء ہوگئی۔
   یا ایک آدمی جنبی تھا اور تالاب پر کھڑا تھا، اس کادوست آیا اور دھکا دیدیا، وہ تالاب میں گرپڑا اور ڈوب کر نکل آیا، پس کیا اس کا غسل ہوگیا؟ امام شافعی فرماتے ہیں: نہیں ہوا، کیونکہ اس نے غسل کی نیت نہیں کی، اور دوسرے ائمہ کہتے ہیں: غسل ہوگیا۔ یہ مسئلہ آیت کے ظاہر میں نہیں ہے، یہ استنباطی مسئلہ ہے، اور اس میں اختلاف ہوا ہے، پس ہم کیا کریں ؟ یہی ناکہ جس کو جس امام سے عقیدت ہو اس کی پیروی کرے۔
   دوسرا مسئلہ: آیت میں وضوء کی جو ترتیب ہے وہ لازم ہے یا غیر لازم؟ یعنی اسی ترتیب سے وضوء کرنی ضروری ہے یا نہیں؟ایک آدمی کھیت سے آیا، اس نے پہلے مٹی سے آلودہ پیر دھوئے، پھر چہرہ دھویا، پھر ہاتھ دھوئے اور مسح کیا، تو وضوء ہوئی یا نہیں؟ امام شافعی رحمہ اللہ فرماتے ہیں: وضوء نہیں ہوئی، کیونکہ وضوء میں ترتیب ضروری ہے، دوسرے ائمہ کہتے ہیں: وضوء ہوگئی، ترتیب سنت ہے، ضروری نہیں، اس اختلاف کی وجہ یہ ہے کہ آیت میں جوواو ہے وہ ترتیب کے لئے ہے یا مطلق جمع کے لئے؟ اس میں اختلاف ہوا ہے، اور یہ استنباطی مسئلہ ہے، اس میں تقلید کے علاوہ چارہ کیا ہے؟
   تیسرا مسئلہ: آیت وضوء میں ا لی المرافق اورا لی الکعبین ہے، یعنی ہاتھوں کو کہنیوں تک اور پیروں کو ٹخنوں تک دھوؤ،اس'' تک'' کا کیا مطلب ہے؟ کہنیاں دھونی ہیں یا نہیں؟ ٹخنے دھونے ہیں یا نہیں؟ امام زفر رحمہ اللہ کہتے ہیں: نہیں ہونے، غایت: مغیا سے خارج ہے۔ باقی ائمہ کہتے ہیں: دھونے ہیں، غایت : مغیا میں داخل ہے۔ غرض  لیکے معنی متعین کرنے میں اختلاف ہوگیا۔
   چوتھا مسئلہ: وضوء میں موالات شرط ہے یا نہیں؟ موالات کے معنی ہیں: ایک عضو خشک ہونے سے پہلے دوسرا عضو دھونا۔ کسی نے ایک عضو دھویا، پھر کسی سے باتیں کرنے لگا، اور دھویا ہوا عضو خشک ہوگیا، پھر اگلا عضو دھویا تو وضوء ہوئی یا نہیں؟ امام مالک کہتے ہیں: وضوء نہیں ہوئی، موالات شرط ہے۔ باقی ائمہ کہتے ہیں: وضوء ہوگئی۔
پانچواں مسئلہ: وضوء میں پیر دھونے ہیں یا ان پر مسح کرنا ہے؟ شیعہ کہتے ہیں: پیروں پر مسح کرنا ہے، اور اہل السنہ والجماعۃ کہتے ہیں: پیر دھونے ہیں، اگر ان پر خفین نہ ہوں۔ شیعہ آیت کی جروالی قراء ت سے استدلال کرتے ہیں، اور اہل السنہ فتح والی قراء ت سے۔
 میں یہ مثالیں اس کی دے رہا ہوں کہ جو استنباطی مسائل ہیں، جو نص کی تہ میں ہیں، ان مسائل میں غواصوں( ائمہ مجتہدین) کے درمیان اختلاف ہوئے ہیں، پس یہ تین قسم کے مسائل ہیں:1 ـ نص فہمی کا اختلاف 2ـ جہاں روایات میں تعارض ہواور تطبیق میں بھی اختلاف ہو 3ـ استنباطی مسائل، جن کے استنباط میں اختلاف ہوجائے تو ان تین قسم کے مسائل میں تقلید کرنی ضروری ہے، ان میں تقلید کے علاوہ کوئی راستہ نہیں، اور یہ مسائل فقہ اسلامی کا بیس فیصد حصہ ہیں، باقی اسّی فیصد مسائل وہ ہیں جو قرآن وحدیث میں صراحۃ آئے ہیں، ان میں کسی امام کی تقلید نہیں ، ان میں اللہ ورسول ہی کی تقلید کی جاتی ہے۔
 خلاصۂ کلام: میں نے خطبہ میں آیت پڑھی تھی :(قُلْ ھذِہِ سَبِیْلِیْ أَدْعُوْا ِلَی اللّٰہِ): آپ کہئے: یہ میرا راستہ ہے۔اسی راستہ کا نام سنت ہے، اور مشہور حدیث ہے کہ یہود کے اکہتر فرقے ہوئے، جو سب جہنم میں جائیں گے، اور عیسائیوں کے بہتر فرقے ہوئے، وہ بھی سب جہنم میں جائیں گے، اور میری امت کے تہتر فرقے ہوں گے، جن میں سے بہتر فرقے جہنم میں جائیں گے اور ایک فرقہ جنت میں جائے گا، صحابہ نے پوچھا: یارسول اللہ! وہ ایک فرقہ جو جنت میں جائے گا: کونسا ہے؟ آپؐ نے فرمایا:مَا أَنَا عَلَیْہِ وَأَصْحَابِیْ: وہ ایک فرقہ وہ ہے جو اس طریقہ پر ہوگا جس پر میں ہوں اور میرے صحابہ ہیں۔ یہیں سے چار ائمہ کے متبعین کے لئے نام تجویز کیا گیا : اہل السنہ والجماعۃ: سنت ِ نبوی اور جماعت مسلمین کے فیصلوں (اجماع) کو ماننے والے، جس راہ پر حضور ہیں اس کا نام سنت ہے، اور جس راہ پر صحابہ ہیں وہ جماعت مسلمین کے اجماعی مسائل ہیں۔
 حدیث کے حجت ہونے کی کوئی دلیل نہیں:
حدیث میں حضورﷺنے ارشاد فرمایا: مَنْ تَمَسَّکَ بِسُنَّتِیْ عِنْدَ فَسَادِ أُمَّتِیْ فَلَہ أَجْرُ کَذَا: جب امت میں بگاڑ آجائے: اس وقت جو میرے طریقے سے چمٹا رہے گا اس کو اتنا ثواب ملے گا۔ اور مشکوٰة میں باب ہے:باب الاعتصام بالکتاب والسنة: اس باب میں چھ روایتیں ہیں، سب میں سنت ہی کا لفظ ہے۔ اس لئے چار ائمہ کے ماننے والوں کا مشترک نام : اہل السنہ والجماعۃ ہے۔ اور وہ جو چار ہوگئے ہیں، اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا، جیسے دیوبند، سہارن پور اور لکھنؤ سے فارغ ہونے والے طلبہ اگرچہ قاسمی، مظاہری اور ندوی کہلاتے ہیں، مگر وہ سب دیوبندی ہیں، اسی طرح حنفی، شافعی، مالکی اور حنبلی اگرچہ جدا جدا نام ہیں، مگر وہ سب اہل السنہ والجماعۃ ہیں، اور ان کے درمیان جو اختلافات ہیں: وہ مسائل میں ہیں، اصول وعقائد میں کوئی اختلاف نہیں، اور مسائل کے اختلاف سے فرقے نہیں بنتے، فرقے عقائد میں اختلاف سے بنتے ہیں، اور وہ جو تہتر فرقوں والی حدیث ہے اس کا تعلق عقائد سے ہے، مسائل سے نہیں ہے۔ جب اصول وعقائد الگ ہوجاتے ہیں تو فرقوں کے نام الگ ہوجاتے ہیں، کوئی اہل حدیث کہلاتا ہے، کوئی اہل قرآن۔ اور جو لوگ کہتے ہیں کہ حدیث اور سنت ایک چیز ہے: وہ دھوکہ ہے۔ میرے بھائیو! اس دھوکہ میں مت آؤ، اہل قرآن بھی تو یہی کہتے ہیں کہ ہم قرآن کے ماننے والے ہیں۔ یہ سب گمراہ فرقے ہیں، اور سنت اور حدیث ایک چیز نہیں ہیں، بلکہ ان میں وہ فرق ہے جو میں نے گوش گذار کیا، اس فرق کو ملحوظ رکھنا چاہئے۔
  آپ کے ملک میں کچھ لوگ فتنہ پرداز ہیں، وہ آکر نوجوانوں کو پریشان کرتے ہیں اور کہتے ہیں: یہ حدیث ہے، یہ بخاری کی حدیث ہے، نوجوان پریشان ہوجاتے ہیں کہ اب ہم کیا کریں؟ اس لئے میں نے فرق سمجھایا کہ حدیث اور ہے اور سنت اور۔ اور سنت کو مضبوط پکڑنے کا حکم ہے، حدیث کو نہیں، وہ لوگ اہل حدیث ہوں تو ہوتے رہیں، ہم اہل السنہ والجماعۃ ہیں، پس ان سے گھبرانے کی ضرورت نہیں۔
                اجماع بھی حجت شرعیہ ہے!
 اور اجماع بھی حجت ِ شرعیہ ہے، اور اس کا استناد قرآن سے ثابت ہے، سورة النساء کی(آیت115) ہے کہ جو مسلمانوں کے راستہ کو چھوڑ کر دوسرے راستہ پر ہولیا: وہ جہنم رسید ہوگا۔ حضرت امام شافعی رحمہ اللہ نے اسی آیت سے اجماع کی حجیت پر استدلال کیا ہے، اس لئے اہل حق کے نام کا دوسرا جزء والجماعةہے۔
                ناچنا نہیں آنگن ٹیڑھا!
اور اہل حدیث ( غیر مقلدین) اجماع کی حجیت کے قائل نہیں، عرف الجادی کے مقدمہ میں اس پر بحث ہے، مگر وہ صاف انکار نہیں کرسکتے، مسلمان ان کے منہ پر تھوکیں گے، اس لئے کہتے ہیں: ہم قطعی اجماع کو مانتے ہیں، ظنی اجماع کو نہیں مانتے! تو کیا اجماع کا تذکرہ قرآنِ کریم میں ہوگا؟ قطعی ہونے کی اس کے علاوہ کیا صورت ہے؟ یاتواتر سے منقول ہوگا، درانحالیکہ کوئی حدیث متواتر ہے یا نہیں؟ اس میں اختلاف ہے، پھر جب خبر واحد جو مفید ظن ہے: حجت ہے تو اجماع جو اسی طرح مروی ہو: حجت کیوں نہیں، اصل بات یہ ہے کہ ناچنا نہیں آنگن ٹیڑھا!
                قیاس محض آلۂ استنباط ہے:
رہا قیاس تو وہ حجت بایں معنی ہے کہ وہ آلۂ استنباط ہے، وہ ایک ڈوئی ہے جس کے ذریعہ ڈیگوں سے کھانا نکالا جاتا ہے، اور ڈیگیں: قرآن ، سنت اور اجماع امت ہیں۔ قیاس خود کوئی کھانے کی چیز نہیں ہے۔وہ آلۂ استنباط مسائل ہے، پس اگر قیاس معتبر نہیں تو یہ تین ڈیگیں بھی معتبر نہیں، ہاں وہ قیاس جس کا کوئی شرعی استناد نہ ہو: وہ حجت نہیں، وہ ابلیس کا قیاس ہے۔
                 آخری چیلنج!
اب آخر میں ایک چیلنج دیتا ہوں، اور قیامت کی صبح تک دیتا ہوں کہ کوئی ایسی حدیث لاؤ، چاہے وہ ضعیف ہی کیوں نہ ہو کہ نبیﷺنے حدیث کو مضبوط پکڑنے کا حکم دیا ہے ۔ حدیثیں یاد کرنے کے اور ان کو روایت کرنے کے فضائل آئے ہیں، مگر ایسی ایک حدیث بھی نہیں ہے: جس میں حدیث کو مضبوط پکڑنے کا حکم دیا ہو۔ تمام حدیثوں میں سنت ہی کو مضبوط پکڑنے کا حکم دیاہے۔وآخر دعوانا أن الحمد ﷲ رب العالمین۔

اب تک کے مہربانان کرام